کراچی میں فائرنگ اور تشددکے واقعاتمزید5 افرادہلاک

لائنزایریامیں دکاندار،کھارادرمیں نوجوان،اورنگی میں چوکیدارقتل،لسبیلہ اور پاک کالونی سے 2لاشیں ملیں

کارپرکریکرحملہ،اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کے ڈائریکٹرسلیم علیم الدین بال بال بچ گئے ،مقدمہ درج ۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
شہرمیں موٹرسائیکل پر ڈبل سواری کی پابندی کے باوجودفائرنگ و تشددکے واقعات میں 5افرادہلاک اور پولیس اہلکارسمیت5زخمی ہوگئے۔

جبکہ بم حملے میں اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کے ڈائریکٹر45سالہ سلیم علیم الدین بال بال بچ گئے۔تفصیلات کے مطابق لائنزایریامیں واقع عبداﷲ آٹوزاینڈآئل شاپ پرموٹرسائیکل پر سوارملزمان نے دکان کے مالک 43سالہ عبدالمالک کوفائرنگ کرکے ہلاک کردیااورفرارہوگئے ، مقتول 2بچوںکاباپ اوردکان کے قریب ہی رہائش پذیرتھا۔ کھارادر کے علاقے چھٹن شاہ مزارقریب موٹرسائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے25سالہ طلحہ کوہلاک کردیا، مقتول اولڈسٹی ایریا نیپئر کارہائشی تھا،شبہ ہے کہ قتل کی واردات میں گینگ وار کے ملزمان ملوث ہیں۔اورنگی ٹاؤن پونے 5نمبرکے قریب واقع پارک کے چوکیدار30سالہ جاو ید کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیااور فرار ہوگئے۔ مقتول فرنٹیئرکالونی کارہائشی اوراس کاآبائی تعلق درہ آدم خیل سے تھا۔لسبیلہ پل کے نیچے سے22 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے ملزمان نے اغواکے بعد بہیمانہ تشدد کانشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کر کے ہلاک کر دیااور لاش پھینک کر فرار ہوگئے ،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔اورنگی منگھوپیر روڈقصبہ موڑکے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوارملزمان نے ہنڈاسٹی کار نمبر AKT-278 پر کریکر پھینک کر فرار ہوگئے جو کار کی پچھلی سیٹ کے اوپرچھت پر گرتے ہی زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں کار کی چھت ایک جانب سے پھٹ گئی جبکہ علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔


دھماکے میں اورنگی پائلٹ پروجیکٹ کے ڈائریکٹر45سالہ سلیم علیم الدین زخمی ہوگئے جنھیں عباسی شہید اسپتال لایاگیا جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے پولیس اور رینجرز کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا۔ ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن سلیم شیخ نے بتایاکہ پروجیکٹ ڈائریکٹر اپنے دفتر سے ڈرائیور کے ہمراہ رہائش گاہ آرام باغ جا رہے تھے کہ ملزمان نے ان کی کار پرکریکر پھینک دیاجس سے وہ زخمی ہوگئے،پولیس موقع پر موجود عینی شاہدین کی مدد سے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل13 مارچ 2013 کوموٹر سائیکل سوار ملزمان نے اورنگی ٹاؤن پائلٹ پروجیکٹ کی ڈائریکٹرپروین رحمٰن کواورنگی ٹاؤن کے علاقے میںکارپرفائرنگ کر کے ہلاک کردیاتھا۔دریں اثنا4روز قبل گلبہار کے علاقے لسبیلہ پل کے نیچے سے ملنے والی 2 لاشوں کی شناخت محمد کاشف اور فرحان علی عرف بلی کے ناموں سے کرلی گئی،مقتولین لیاقت آباد کے رہائشی تھے ان کاتعلق لیاری گینگ وار سے تھا اور مقتولین حال ہی میں جیل سے رہاہوئے تھے،ملزمان منشیات فروشی میں ملوث تھے اور پاک کالونی میں واقع ساجد کے اڈے سے منشیات خرید کرلایا کرتے تھے اورفروخت کیا کرتے تھے۔ دوسری جانب منگل کوسچل تھانے کی حدودمیں فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے شخص کی شناخت 26سالہ فیاض احمد کے نام سے کر لی گئی۔

مقتول سکندر آبادکارہائشی اورکارپینٹر کا کام کرتاتھا۔شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے منزل پٹرول پمپ کے قریب فائرنگ سے پولیس اہلکار35 سالہ سعید احمد زخمی ہوگیا ، پیر آبادمیٹرو سنیماکے قریب بھی شوکت،بہار کالونی میں25سالہ نامعلوم شخص، چاکیواڑہ گل محمدلین میں 15سالہ علی جبکہ گلشن اقبال بلاک 13-D فائرنگ سے30سالہ قاسم خان زخمی ہوگیا۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاک کالونی کے علاقے ریکسر پل کے قریب سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اؔغوا کے بعد سینے اور سر پر دو گولیاں مار کر قتل کر دیا اور لاش پھینک کر فرار ہوگئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے ،پولیس نے لاش تلاش ورثا کے لیے ایدھی سرد خانے میں رکھوا دی ہے ۔ اورنگی ٹاؤن پولیس نے اورنگی پائلٹ پروجکیٹ کے ڈائریکٹر سلیم علیم الدین کی کار پر کریکر حملہ کرنے کا مقدمہ نمبر 22/14 بجرم دفعات 324 ، 3/4 ایکسپلوزیو ایکٹ اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7-ATA کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف زخمی پروجیکٹ ڈائریکٹر کی مدعیت میں درج کرلیا ۔ ۔
Load Next Story