کراچی میں رواں ہفتے شدید گرمی اور بارش کی پیش گوئی

14 ستمبر سے شہر میں گرمی کی لہر شروع ہونے کا امکان جبکہ 17 ستمبر سے بارشیں ہوسکتی ہیں، محکمہ موسمیات

رواں برس کراچی میں نسبتاً کم بارشیں ہوئی ہیں فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے شہر قائد میں شدید گرمی اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ 14 ستمبر سے شہر میں گرمی کی لہر شروع ہونے کا امکان ہے، سمندری ہوائیں بند رہنے کے باعث بلوچستان کی گرم ریگستانی شمال مغربی ہوائیں شہر کا رُخ کرسکتی ہیں، اس دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔


سردار سرفراز نے مزید کہا کہ گرمی کی لہر خلیج بنگال میں بننے والے ہوا کے کم دباؤ کے نتیجے میں پیدا ہوگی، 17 ستمبر سے مون سون بارش کا ایک نیا سلسلہ شہر میں بارش دے سکتا ہے، بارش کا سلسلہ 19 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی شہر قائد میں شدید گرمی اور مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارشیں ہوئی تھی ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں سال کراچی میں عام مون سون سیزن کے مقابلے میں 60 فیصد کم بارشیں ہوئی ہیں۔
Load Next Story