سابق کرکٹرز نے رمیز راجہ سے امیدیں وابستہ کرلیں

،ہم نے عرصہ دراز کے بعد کوئی ایسا چیئرمین دیکھا جس میں اتنی انرجی ہے، عاقب جاوید

،ہم نے عرصہ دراز کے بعد کوئی ایسا چیئرمین دیکھا جس میں اتنی انرجی ہے، عاقب جاوید ، فوٹو : فائل

سابق کرکٹرز نے رمیزراجہ سے بڑی امیدیں وابستہ کرلیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے رمیز راجہ کو کرکٹ معاملات سدھارنے کیلیے بھیجا ہے،ہم نے عرصہ دراز کے بعد کوئی ایسا چیئرمین دیکھا جس میں اتنی انرجی ہے، ان کی عمر بھی ایسی ہے کہ کام کرسکیں، پہلے لوگ بیک ڈور تعلقات استعمال کرکے بورڈ میں آتے رہے لیکن رمیز راجہ کو خود وزیر اعظم نے منتخب کیا ہے،ان پر اب کسی کا دباؤ نہیں ہوگا،وہ تنقید اور لوگوں کی ناراضگی کی پروا کیے بغیر درست فیصلے کرسکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ سابق کپتان کرکٹ کا وسیع تجربہ اور بہتری لانے کی اہلیت رکھتے ہیں،ان سے ہمیں بہت زیادہ توقعات ہیں، یقین ہے کہ اب پاکستان ٹیم کی کارکردگی کا گراف بھی بلند ہوگا۔


عاقب نے کہا کہ گرین شرٹس کوجدید اور تیز کرکٹ کھیلنے کا عادی ہونا پڑے گا، ٹیسٹ میچز میں اسٹرائیک ریٹ بہتر بنانے پر توجہ دینا ہوگی، انگلینڈ کو اپنی کرکٹ ٹھیک کرنے کے لیے 4سال لگے تھے، اگر ٹیم 100 رنزپرآؤٹ ہوجائیں تو کوئی فکر نہیں کرنی چاہیے، ایک دم سے سب کچھ بہتر نہیں ہوگا۔

سابق کپتان معین خان نے کہا کہ رمیز راجہ کے قول و فعل میں کوئی تضاد دکھائی نہیں دیا، ان کی پالیسیز واضح ہیں، اس سے ملکی کرکٹ میں فرق نظر آئے گا، ایک کرکٹر کے بورڈ کا سربراہ بننے سے سمت درست کرنے میں مدد ملے گی۔

انھوں نے کہاکہ چیئرمین کو کسی قسم کا خوف نہیں،وہ غیر یقینی کا شکار خود ہوں گے نہ ہی کھلاڑیوں کو ہونے دیں گے، لیڈرشپ کا بہت اثر ہوتا ہے، کپتان بابر اعظم سمیت تمام کرکٹرز کو رمیز راجہ کے آنے سے بہت فائدہ ہوگا۔
Load Next Story