کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کی شکست کے ذمہ دار ارکان اسمبلی قرار

تحریک انصاف ضلع راولپنڈی کی تنظیم کا پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سے استعفے کا مطالبہ

تحریک انصاف ضلع راولپنڈی کی تنظیم کا پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سے استعفے کا مطالبہ

کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کی شکست کا ذمہ دار ارکان اسمبلی کو قرار دے دیا گیا۔

کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی و چکلالہ میں پاکستان تحریک انصاف کی شکست پر ضلع راولپنڈی کی تنظیم نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی تنظیم کو پارٹی ٹکٹ کے فیصلوں میں نظر انداز کرنے پر اعلیٰ عہدیداران اور ممبران قومی وصوبائی اسمبلی کو شکست کا ذمہ دار قرار دے کر ان سے استعفے طلب کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔

ضلعی تنظیم نے منظور کی گئی قررار داد میں اپنے تحفظات کا ازالہ نہ ہونے تک شکست کے ذمہ داران کا مکمل بائیکاٹ کرنے کی قرارداد بھی منظور کرلی ہے ۔ تحریک انصاف ضلع راولپنڈی کا کنونشن بھی آئندہ پندرہ دنوں میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔

ضلعی صدر سابق ایم پی اے شہر یار ریاض کی زیر صدارت اجلاس جس کے فیصلے اور منظور کی گئی قرارداد پر ضلعی تنظیم کے تمام عہدیداران اور گورننگ باڈ ی کے ممبران کے دستخط کیے گئے ہیں کی کاپی چیئرمین پی ٹی آئی وزیر اعظم عمران خان اور چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کو بھی بھجوائی گئی ہے ۔


یہ بھی پڑھیں: کنٹونمنٹ بورڈ لاہور میں تحریک انصاف کی شکست کی رپورٹ سامنے آگئی

منظور کی گئی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کے فیصلوں ، انتخابی مہم اور وفاقی وزرا کو مدعو کرنے کے جلسہ تک میں ضلعی تنظیم تحریک انصاف کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کنٹونمنٹ الیکشن کے نتائج کی ذمہ داری اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے ضلعی کنونشن آئندہ پندرہ دنوں میں منعقد کیا جائے گا جس میں ضلعی تنظیم کی گورننگ باڈی اور منتخب ممبران اسمبلی کے اختیار کا بھی تعین کیا جائے گا ۔

اجلاس نے مطالبہ کیا کہ ممبران قومی وصوبائی اسمبلی کے پارٹی امور بارے اختیار کے غلط استعمال کو روکا جائے ۔ اس ضمن میں پارٹی آئین کو فالو کیا جائے ۔ حالیہ کنٹونمنٹ الیکشن میں پارٹی کارکنوں کو نظر انداز کرنے اور انتخابی شکست کے ذمہ دار تنظیمی عہدیداران اور ممبران قومی وصوبائی اسمبلی سے استعفے طلب کیے جائیں کیونکہ ایسے افراد کارکنوں کی حق تلفی اور پارٹی امیج کو نقصان پہنچانے کے مرتکب ہوئے ہیں ۔

منظورکی گئی قرار داد میں کہا گیا کہ جب تک اعلی سطح سے پی ٹی آئی ضلعی تنظیم کے تحفظات کا ازالہ نہیں ہوتا اور اس ضمن میں واضح ہدایات جاری نہیں ہوتیں اس وقت تک ضلعی تنظیم تمام امور اور شکست کے ذمہ داران کا مکمل بائیکاٹ برقرار رکھے گی ۔
Load Next Story