حکومت نے ذکا اشرف کی بحالی کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل واپس لے لی

اگر حکومت سمجھتی ہے کہ اسے اختیار ہے تو عدالتی فیصلہ رکاوٹ نہیں، جسٹس ثاقب نثار

کرکٹ کے نئے آئین کے مطابق وزیراعظم پی سی بی کے چیرمین کو تبدیل نہیں کرسکتے، وکیل ذکا اشرف فوٹو؛فائل

حکومت نے چیرمین پی سی بی ذکا اشرف کی بحالی کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست واپس لے لی۔



سپریم کورٹ میں وزارت بین الاصوبائی رابطہ کی طرف سے دائر اپیل کی سماعت جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی۔ سماعت کے دوران حکومت کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اکتوبر 2013 کو حکومت کی جانب سے نجم سیٹھی کی سربراہی میں قائم عبوری کمیٹی ذکا اشرف کی درخواست سے متعلق فیصلے تک تھی، اب چونکہ اس کیس کا فیصلہ آچکا ہے تو اس کمیٹی کی مدت خود ہی ختم ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ہدایت دینے والے ڈرتے ہیں کہ کہیں عدالتی حکم کی خلاف ورزی نہ ہوجائے۔


اس موقع پر ذکا اشرف کے وکیل عدنان کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پہلے آئین کے تحت وزیر اعظم کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو تبدیل کرسکتے تھے لیکن نئے آئین کے مطابق وزیر اعظم کرکٹ بورڈ کے سربراہ کو نہیں ہٹاسکتے ہیں، کیوں کہ آئی سی سی نے کرکٹ کو سیاست سے پاک رکھنے کا مطالبہ کیا تھا۔ عدالت آبزرویشن دے کہ حکومت کو اختیار ہے تواسے نیک نیتی سے استعمال کیا جائے۔


اس پر جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اگر حکومت سمجھتی ہے کہ اسے اختیار ہے تو عدالتی فیصلہ رکاوٹ نہیں۔ بعد ازاں حکومت نے ذکا اشرف کی بحالی کے خلاف دائر اپیل کو واپس لیے لیا۔

Load Next Story