الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات حکومت کی آمرانہ سوچ کا ثبوت ہے ترجمان ن لیگ

الیکشن کمیشن ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بغاوت پر اکسانا آئین سے غداری اور آئینی اداروں پرحملہ ہے، مریم اورنگزیب

عمران خان کے حکم پہ الیکشن کمشن کو بلیک میل کیا جا رہا ہے، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف اکسانے پر وفاقی وزرا کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔


فواد چوہدری اور شبلی فراز کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر پر تحفظات کے اظہار کے بعد اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے حکم پر الیکشن کمیشن کو بلیک میل کیا جا رہا ہے،الیکشن کمیشن اور ارکان پارلیمان کے سوالات کے حکومت کے پاس جواب نہیں، اس لئے الیکشن کمیشن پر حملے کئے جارہے ہیں، عمران خان غیرقانونی فارن فنڈنگ سے نجات کے لئے الیکشن کمشن پر دباؤ ڈال رہے ہیں، ان ہی کے حکم پر غیرقانونی فارن فنڈنگ کیس میں من پسند فیصلہ لینے کے لئے الیکشن کمیشن کو بلیک میل کیا جارہا ہے، ڈسکہ الیکشن کی دھند اور الیکشن چوری پکڑے جانے کی رپورٹ رکوانے کے لئے حکومت کی طرف سے الیکشن کمشن پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے، کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کے نتائج کا غصہ عمران خان کے حکم پر الیکش کمیشن پر نکالا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آر ٹی ایس کی پیداوار حکومت اور اس کے وزراء چیف الیکشن کمشنر پر بے بنیاد الزامات لگارہے ہیں، الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات حکومت کی غیرجمہوری اور آمرانہ سوچ کا ثبوت ہے۔ چیف الیکشن کمشنر اور اس کے ارکان آئین اور قانون کی زبان بول رہے ہیں جو مسلط شدہ حکومت کو سمجھ نہیں آتی۔ الیکشن کمیشن کے ارکان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف بغاوت پر اکسانا آئین سے غداری اور آئینی اداروں پر حملہ ہے، الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 10 کے تحت الیکشن کمیشن وفاقی وزرا کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔
Load Next Story