پشاور میں کورونا کے بعد ڈینگی بھی سر اٹھانے لگا

ڈینگی کے زیادہ تر مریضوں کا تعلق پشاور کے نواحی علاقوں سے ہے، اسپتال انتظامیہ

خیبر پختونخوا میں رواں سال 4 ہزار 442 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں فوٹو: فائل

شہر میں کورونا کے بعد اب ڈینگی بھی سر اٹھانے لگا ہے اور صوبے کے دوسرے بڑے اسپتال خیبر ٹیچنگ اسپتال میں ڈینگی کے 21 متاثرہ مریضوں کو داخل کرادیا گیا ہے۔


خیبر ٹیچنگ اسپتال میں ڈینگی کے متاثرہ مریضوں میں 9 خواتین، 18 سال سے کم عمر 2 افراد اور 10 مرد شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ذیادہ تر مریضوں کا تعلق پشاور کے ملحقہ مختلف علاقوں سے ہے جن میں تہکال، اکیڈمی ٹاون، سفید ڈھیری، دانش آباد، سربند اور لنڈی کوتل وغیرہ شامل ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 1113 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 130 مثبت اور 983 منفی ٹیسٹ آئے ہیں جب کہ یکم ستمبر سے 19 ستمبر تک 16 ہزار 23 ڈینگی ٹیسٹ کئے گئے ہیں جس میں 2 ہزار110 مثبت اور 13 ہزار 913 ٹیسٹ منفی آچکے ہیں۔

اسپتال ترجمان محمد سجاد کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں تمام ڈینگی کے مریضوں کو اسپتال کے میڈیکل وارڈ میں پروٹوکول کے مطابق علاج معالجہ اور سہولیات فراہم کئے جا رہے ہیں۔ اسی طرح حیات اباد میڈیکل کمپلیکس میں بھی ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں گزشتہ دو روز میں اضافہ ہوا ہے۔ اسپتال میں ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 11 ہوگئی۔ صوبے میں رواں سال 4 ہزار 442 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جن میں 305 ڈینگی کے مصدقہ کیسز ہیں۔
Load Next Story