نوازالدین صدیقی دنیا کے بہترین اداکاروں میں سے ایک ہیں کنگنا

کنگنا رناوت نے نوازالدین صدیقی کو انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز میں نام زد ہونے پر مبارک باد دی ہے

کنگنا رناوت نے نوازالدین صدیقی کو انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز میں نام زد ہونے پر مبارک باد دی ہے فوٹوفائل

بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے اداکار نواز الدین صدیقی کو دنیا کے بہترین اداکاروں میں سے ایک قرار دے دیا۔

ہر وقت زہر اگلنے والی اداکارہ کنگنارناوت کم ہی کسی کی تعریف کرتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ تاہم حال ہی میں انہوں نے نوازالدین صدیقی کی تعریف کی ہے۔

دراصل بھارتی فلم انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار نواز الدین صدیقی کو ان کی فلم ''سیریس مین'' میں اداکاری کے لیے انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ میں بہترین اداکار کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

اداکارہ کنگنا رناوت نے نوازالدین صدیقی کو انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز میں نامزد ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ''بلاشبہ آپ دنیا کے بہترین اداکاروں میں سے ایک ہیں''۔




دوسری طرف نواز الدین صدیقی نے یہ خبر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے فلم ''سیریس مین'' کی پوری ٹیم اور ہدایت کار سدھیر مشرا کو مبارک باد دی۔

اپنے ایک بیان میں نوازالدین صدیقی نے کہا ''سدھیر کے ساتھ کام کرنے اور سیریز میں ایان منی کا کردار نبھانا میرے لئے کسی خواب کے سچ ہونے جیسا ہے اور انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ کے لئے نام زدگی اس محنت کی دلیل ہے جو ہم نے فلم میں کی۔ میں عالمی سطح پر پہچانی جانے والی بامقصد کہانیوں کو پیش کرنے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ جو کہ اب نیٹ فلکس جیسے پلیٹ فارم کی بدولت ایک حقیقت ہے''۔ فلم ''سیریس مین'' او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر اکتوبر 2020 میں ریلیز کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ نوازالدین صدیقی نے ایکٹنگ نئی دہلی کے مشہور اسکول 'نیشنل اسکول آف ڈراما' سے سیکھی تھی اور وہ 1999 سے چھوٹے اور بڑے پردے پر کام کررہے ہیں۔'گینگز آف واسع پور'، 'لنچ باکس'، 'منٹو'، 'بجرنگی بھائی جان' اور 'رات اکیلی ہے' کا شمار نوازالدین صدیقی کی بہترین فلموں میں ہوتا ہے۔
[instagram-post url="https://www.instagram.com/p/CUKssA2qr8q/"]
Load Next Story