گاڑیوں کے سائیڈ گلاسز چوری کرنیوالے 4 ملزم گرفتار

گروہ اہم شاہراہوں پرکھڑی گاڑیوں کے مسروقہ سائیڈ گلاسز سستے داموں بیچتے تھے،پولیس

گاڑیوں کے سائیڈ گلاسز چوری کرنے والے ملزمان پریڈی تھانے میں کھڑے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

ISLAMABAD:
پریڈی پولیس نے گاڑیوں کے سائیڈ گلاسز چوری کرنے والے گروہ کے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے بڑی تعداد میں سائیڈ گلاسز برآمد کرلیے۔

تفصیلات کے مطابق پریڈی پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ تبت سینٹر کے عقب میں واقع میگزین لائن میں گاڑیوں کے سائیڈ گلاسز چوری کرنے والا گروہ موجود ہے ،پولیس نے چھاپہ مار کر 4 ملزمان ندیم ، یحییٰ ، وجاہت اور قیصر کو گرفتار کر کے گاڑیوں کے سائیڈ گلاسز اور دیگر مسروقہ سامان سے بھرے ہوئے کارٹن و بورے برآمد کرلیے جن کی مجموعی تعداد 26 تھی جسے پولیس نے اپنے قبضے میں لیا اور بعدازاں تھانے لاکر ان کی تلاشی کے دوران 526 سے زائد گاڑیوں کے سائیڈ گلاسز اور دیگر سامان برآمد ہوا۔




پولیس کا کہناہے کہ ملزمان صدر ، زیب النسا اسٹریٹ ، عبداﷲ ہارون روڈ ، فوراہ چوک او آرٹس کونسل سمیت دیگر علاقوں میں سڑک پر کھڑی ہوئی گاڑیوں کے سائیڈ گلاسز انتہائی مہارت سے اکھاڑ کر لے جاتے تھے جبکہ مذکورہ گلاسز پرانا سامان فروخت کرنے والی شہر کی دیگر مارکیٹوں میں لیجا کر سستے داموں میں فروخت کر دیتے تھے، نئے سائیڈ گلاسز کی مارکیٹ میں قیمت زیادہ ہے جس کی وجہ سے ایسے افراد جن کی گاڑیوں سے سائیڈ گلاسز چوری ہو جاتے تھے یا کسی حادثے میں ٹوٹ جاتے تھے، وہ ان مارکیٹوں سے سستے داموں خرید لیا کرتے تھے۔
Load Next Story