انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 15 اکتوبر تک توسیع کردی گئی

ٹیکس ادا کرنے کے ساتھ جرمانے بھی بھریں تو پھر شراکت کے تناسب سے ترقیاتی فنڈز کیوں نہیں ملتے، کے سی سی آئی کا شکوہ

ٹیکس ادا کرنے کے ساتھ جرمانے بھی بھریں تو پھر شراکت کے تناسب سے ترقیاتی فنڈز کیوں نہیں ملتے، کے سی سی آئی کا شکوہ ۔(فوٹو: فائل)

وزیر خزانہ شوکت ترین نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں 15 یوم کی توسیع کا اعلان کردیاہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ کو بڑھا کر 15 اکتوبر کردیا ہے۔ اس بات کا اعلان انہوں نے آج کراچی چیمبر آف کامرس میں بزنس مین گروپ کے سربراہ زبیرموتی والا سے ملاقات کے دوران کیا۔


کراچی چیمبر کے وفد کی جانب سے وزیر خزانہ کو ٹیکس دہندگان کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا، اس موقع پر کے سی سی آئی کے وفد نے ٹیکس سے متعلق غیر موثر پالیسیوں میں ترمیم کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے ٹیکس قوانین (تیسری ترمیم) آرڈیننس 2021 کے نفاذ پرتحفظات کا اظہار کیا کیونکہ ان قوانین کا نفاذ بھی سب سے پہلے کراچی سے کیا جائے گا۔

کراچی چیمبر کے وفد نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ جرمانوں کے حامل تمام قوانین ہمیشہ کراچی سے ہی شروع ہوتے ہیں، کراچی ہی اگر تمام ٹیکس ادا کرنے کے ساتھ جرمانے بھی بھرے تو اس شہر کے شراکت کے تناسب سے ترقیاتی فنڈز کیوں نہیں مل رہے، وفد نے متنازعہ آرڈیننس میں ٹرم انڈر فائلرز کو نان فائلرز کے ساتھ تبدیل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
Load Next Story