گزشتہ ہفتے بھی ڈالر کی اڑان برقرار برطانوی پاؤنڈ اور یورو کی قدر میں کمی

برطانوی پاؤنڈ کے انٹر بینک ریٹ 229.71 روپے جبکہ یورو کی قدر 1.03 روپے گھٹ کر 197.40روپے ہوگئی

برطانوی پاؤنڈ کے انٹر بینک ریٹ 229.71 روپے جبکہ یورو کی قدر 1.03 روپے گھٹ کر 197.40روپے ہوگئی (فوٹو : فائل)

خام تیل کی عالمی قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچنے سے درآمدی بل میں نمایاں اضافے کے خطرات کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے بھی ڈالر کی اڑان جاری رہی۔

ریگولیٹری اقدامات کے اعلان کے باوجود ہفتے کے ابتدائی 4 ایام میں روپیہ غیر مستحکم رہا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 170 روپے جبکہ اوپن ریٹ 172 روپے سے بھی اوپر تجاوز کرگئے۔ بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ، بڑھتی ہوئی درآمدات نے روپے کو کمزور رکھا جبکہ افغان ڈالر بحران نے بھی پاکستان کی شرح مبادلہ کو متاثر کیا۔


اسی طرح معاشی مستقبل کے بارے میں غیریقینی صورتحال سے بھی ڈالر کی طلب میں اضافہ برقرار رہا تاہم ہفتے کے اختتام پر سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو موخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت دینے سے ڈالر کی اڑان رک گئی جبکہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے درآمدات کی حوصلہ شکنی کے لیے 114 غیر ضروری اشیاء پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کرنے سمیت دیگر ریگولیٹری اقدامات سے بھی روپیہ تگڑا ہوا۔

ہفتہ وار کاربار کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر اتار چڑھاؤ کے بعد 1.39 روپے بڑھ کر 170.47 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1.60 روپے بڑھ کر 172.60 روپے ہوگئی۔

اسی طرح برطانوی پاؤنڈ کے انٹر بینک ریٹ 2.08 روپے گھٹ کر 229.71 روپے ہوگئے جبکہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ کی قدر 50 پیسے گھٹ کر 234.50روپے رہی۔ انٹربینک میں یورو کرنسی کی قدر 1.03 روپے گھٹ کر 197.40 روپے جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں یورو کی قدر 1روپے بڑھ کر 200.50روپے ہوگئی۔
Load Next Story