الطاف حسین کی کردار کشی کرنیوالےگورے انگریزوں کو معافی مانگنی پڑیگی فاروق ستار

بی بی سی نے 1965 کی پاک بھارت جنگ میں خبر نشر کی کہ بھارتی فوج نے لاہور کو فتح کر لیا ہے، فاروق ستار

الطاف حسین کے خلاف پروپیگنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے مترادف ہے، فاروق ستار۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے قائد تحریک الطاف حسین کی کردار کشی کرنے والے 'گورے انگریزوں' کو بہت جلد اپنا بیان واپس لینا پڑے گا۔

بی بی سی کی جانب سے پیش کردہ دستاویزی فلم کے خلاف کراچی میں الطاف حسین سے اظہار یک جہتی کے لئے نکالی جانے والی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آج کا مظا ہرہ ٹو ان ون ہے، ایک طرف توعوام کا یہ ٹھا ٹھیں مارتا سمندر الطاف حسین کے ساتھ اظہار یک جہتی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور دوسری الطاف حسین کی کردار کشی کرنے والوں اور ایم کیو ایم کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی واضح ناکامی ہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ الطاف حسین پاکستان میں استحکام کی ضمانت اور علامت ہیں، الطاف حسین کے خلاف پروپیگنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے مترادف ہے۔


فاروق ستار کا کہنا تھا کہ بی بی سی کی دستاویزی فلم بد ترین صحافتی بددیا نتی اور آزادی صحافت کے منافی ہے، اس گمراہ کن پروپیگنڈے کا مقصد الطاف حسین اور ایم کیو ایم کو پاکستان کی سلامتی اور بقاء کے لئے لڑی جانے والی جنگ میں اپنا کردار ادا کرنے سے روکنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ایک پر امن، جمہوریت پسند، عدم تشدد کی حامی اور اظہار رائے پر یقین اور آزادی صحافت کی علم بردار جماعت ہے، ایم کیو ایم اپنے اوپر کی جانے والی مخالفت کو بھی کھلے دل سے تسلیم کرتی ہے لیکن ایم کیو ایم اور الطاف حسین میڈیا ٹرائل کو نہ صرف مسترد کرتے ہیں بلکہ اس کی پر زور مذمت بھی کرتے ہیں۔

ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن کا کہنا تھا کہ آج سے 20 سال پہلے 'کالے انگریزوں' نے بھی الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے خلاف پروپیگنڈا کیا تھا لیکن آخر کار انھیں یہ تسلیم کرنا پڑا کہ ایم کیو ایم کے خلاف پروپیگنڈا سراسر جھوٹ پر مبنی تھا اب اگر دنیا کا نو آبادیاتی نظام چلانے والے 'گورے انگریزوں' نے ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا ہے تو انھیں بھی بہت جلد اپنا بیان واپس لینا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بی بی سی کا معیار یہ ہے کہ 1965 کی پاک بھارت جنگ میں بھی اس ادارے نے یہ خبر نشر کی تھی کہ بھارتی افواج نے لاہور کو فتح کر لیا ہے لیکن چند روز بعد یہ واضح ہوا کہ یہ سب جھوٹ تھا، ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف کئے جانے والے پروپیگنڈے اور سازش کے خلاف ہر قانونی طریقہ استعمال کرے گی۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ الطاف حسین کیخلاف میڈیا ٹرائل اب عالمی سطح پر شروع ہوچکاہے،الزام لگانےوالوں کوایم کیوایم اورالطاف حسین سےمعافی مانگنی پڑےگی، برطانوی ادارے کی بددیانتی پر مبنی دستاویزی فلم سامنے آنے کے بعد عوام کا برطانوی میڈیا سے اعتماد ختم ہورہا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے جمع لاکھوں شرکا نے فیصلہ سنا دیا کہ وہ الطاف حسین کے ساتھ ہیں۔


رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے سیاست سے پہلے خدمت کا آغاز کیا اور آج کا جلسہ اس کا ثبوت ہے، قدرت الطاف حسین کے ساتھ ہے اور ایم کیو ایم عالمی سازشوں کو بے نقاب کرے گی۔
Load Next Story