بھارتی ریاست ہریانہ کے وزیراعلیٰ کو نوجوان نے بھرے مجمع میں تھپڑ دے مارا
بھارتی ریاست ہریانہ کے وزیراعلیٰ بھوپندر سنگھ ہودا کو جلسے میں شرکت کیلئے جاتے ہوئے نوجوان نے سرعام تھپڑ دے مارا جس کے بعد پولیس نے نوجوان کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعلیٰ ہریانہ پانی پت میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرنے جارہے تھے کہ راستے میں ان کے حامیوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا، کارکنان کے نعروں کا جواب دینے کیلئے وزیراعلی بھوپندر سنگھ ہودا اپنی جیپ میں کھڑے ہوگئے تاہم اس دوران بے روزگاری سے تنگ نوجوان پولیس کا حصار توڑتے ہوئے آگے بڑھا اور وزیراعلی کے چہرے پر زود دار تھپڑ دے مارا، پولیس نے ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا جب کہ ملزم کمال مکھی جی کیخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کرلیا، واقعہ کے بعد پولیس نے قریب کھڑے افراد کو وزیراعلیٰ کی گاڑی کے پاس جانے سے روک دیا جبکہ وزیراعلیٰ کو متعلقہ مقام پر روانہ کردیا گیا۔
واضح رہے کہ اگست 2010 میں بھی ایک بے روزگار نوجوان نے بھرے جلسہ کے دوران وزیراعلی بھوپندر سنگھ ہودا پر جوتا پھینک کر اپنے غصے کا اظہار کیا تھا۔