انگلش ٹیم پھر ناکام آسٹریلیا نے ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی اپنے نام کرلی
آسٹریلیا نے ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی میزبان انگلینڈ کے چھکے چھڑا دیئے اور تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 84 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے، کینگروز کپتان جارج بیلی نے 49 اور کیمرون وائٹ نے 41 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ ایرن فنچ 30، گلین میکسویل 14، بین کٹنگ 29 اور بریڈ ہوگ 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جواب میں انگلش ٹیم کینگروز بولرز کے سامنے کھل کر کھیلنے میں ایک مرتبہ پھر ناکام رہی اور تمام بیٹسمین وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے، انگلینڈ کی جانب سے آئن مورگن 34 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹسمین رہے، لیوک رائٹ 8، الیکس ہیل 6، بین اسٹوک 5، جوائے روٹ 11 اور جوس بٹلر 8 رنز بنا سکے، اس طرح پوری ٹیم 17.2 اوورز میں 111 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، آسٹریلیا کی جانب سے کلٹرل نیل ، میکسویل اور جیمس مورہڈ نے 2،2 اور ڈینیل کرسچین، بین کٹنگ اور مچل اسٹارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلین کپتان جارج بیلی کو نمایاں کارکردگی پیش کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔