صوابی کی جیل میں قیدیوں کے لیے تعلیم بالغان مرکز قائم کردیا گیا

قیدیوں کو كتابوں، اسٹیشنری اور تربیت کے علاوہ دو گھنٹے كی كلاس میں بنیادی تعلیم دی جائے گی، این سی ایچ ڈی

قیدیوں کو كتابوں، اسٹیشنری اور تربیت کے علاوہ دو گھنٹے كی كلاس میں بنیادی تعلیم دی جائے گی، این سی ایچ ڈی۔(فوٹو: فائل)

صوابی جیل میں قومی کمیشن برائے انسانی بہبود (این سی ایچ ڈی) كے تحت تعلیم بالغان كے مرکز کا قیام عمل میں لایا گیاہے، اس سلسلے میں محكمہ جیل خانہ جات اور این سی ایچ ڈی كے مابین معاہدہ طے پا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جیل سپرنٹینڈنٹ محمد نعیم خان نے تعلیم بالغان مرکز کا باقاعدہ افتتاح كیااس موقع پر موجود قیدیوں نے تالیاں بجا كر ان كا استقبال كیا۔ این سی ایچ ڈی كے لٹریسی پروگرام كے تحت صوابی جیل میں 4 دن كے دوران 28 قیدیوں كو تعلیم بالغان كے لیے چنا گیا ہے، جن میں سے 25 ناخواندہ ہیں۔ منتخب کیے گئے قیدیوں کو تعلم دینے کے لیے ایک ایف اے پاس استاد منتخب كیا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب كر تے ہوئے سپرنٹینڈنٹ جیل محمد نعیم خان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کو تعلیم دینے کے لیے جیل میں اسكول كا بندوبست كیا گیا ہے اب یہ قیدیوں کی ذمے داری ہے كہ اس تعلیمی مرکز سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھائیں تاکہ رہائی کے بعد معاشرے میں ایک باعزت شہری بن سكے۔


انہوں نے كہا كہ یہ این سی ایچ ڈی كے تعاون سے صوابی جیل میں دوسرا تعلیمی مرکز ہے اس سے پہلے 22 قیدیوں کو 5 ماہ کا کورس مکمل کرنے پر تعلیمی اسناد دی جاچکی ہیں۔ اس كورس میں قیدیوں كو اردو کی 3 اورریاضی کی 1 ایک كتاب پڑھائی گئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ این سی ایچ ڈی کے تعاون سے قیدیوں كے لیے كتابوں، اسٹیشنری اور ٹریننگ كا بندوبست كرنے كے علاوہ روزانہ دو گھنٹے كی كلاس میں قیدیوں كو بنیادی تعلیم دی جائے گی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریكٹر لٹریسی این سی ایچ ڈی نے كہا كہ اس تعلیمی پروگرام كو اس طرز پر ڈیزائن كیا گیا ہے كہ اگر كوئی ان پڑھ بھی صحیح طریقے سے اسے 5 ماہ تک پڑھ لے تو وہ سادہ اور آسان عبارت كی پڑھائی اور لكھائی كے علاوہ ریاضی كے بنیادی اصول بھی سمجھ سكے گا۔

یہ كورس صوتی طریقہ كار پر مبنی ہے جس میں ہم طلبا كو تصویروں كے ذریعے پڑھاتے ہیں اور یہ عام طریقہ تدریس سے بالكل مختلف ہے۔
Load Next Story