پہلی حج فلائٹ 20ستمبر کو روانہ ہوگی حاجی کیمپ کی تزئین و آرائش کا کام مکمل نہ ہوسکا

عازمین حج نے شکایت کی ہے کہ کینٹین میں حفظان صحت کے اصولوں کا خیال نہیں رکھا جاتا

حاجی کیمپ کے اندر اور اس کے اطراف صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث عازمین حج کو مشکلات کا سامنا ہے۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
سرکاری اسکیم کے تحت پہلی حج فلائٹ 20 ستمبر کو روانہ ہوگی لیکن حاجی کیمپ کی تزئین و آرائش کا کام ابتک مکمل نہیں ہوسکا۔

حاجی کیمپ کے اندر اور اس کے اطراف صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث عازمین حج کو مشکلات کا سامنا ہے، حاجی کیمپ کے اندر اور اطراف میں مکھی اور مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے جس کی وجہ سے حاجی کیمپ میں عازمین حج کو ڈنگی وائرس کا خطرہ ہے، حاجی کیمپ کے ہاسٹل میں سہولیات موجود نہیں، عازمین حج نے شکایت کی ہے کہ کینٹین میں حفظان صحت کے اصولوں کا خیال نہیں رکھا جاتا اور عازمین حج کو مضرصحت کھانا فراہم کیا جاتا ہے، حاجی کیمپ میں سیوریج کا سسٹم ناقص ہے، حاجی کیمپ کے وضوخانے اور باتھ روم میں بھی صفائی ستھرائی کا فقدان ہے۔


حاجی کیمپ کی بائونڈری لائن کے ساتھ گزرنے والا سیوریج کا بڑا نالہ گندگی سے بھرا ہوا ہے جس کی وجہ سے پورے علاقے میں سخت تعقن پھیل رہا ہے، حاجی کیمپ میں وبائی امراض پھوٹ پڑنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، حاجی کیمپ کے اطراف سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور آٹو مکینک کی دکانوں سے اٹھنے والا دھواں عازمین حج کی صحت کیلیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے، عازمین حج نے کہا ہے کہ صحت و صفائی کے انتظامات خصوصاً وضوخانوں اور باتھ روم کی حالت کو بہتر بنایا جائے۔

سرکاری اسکیم کے تحت پہلی حج فلائٹ20 ستمبر کو روانہ ہوگی، اس سال کل 179210عازمین حج فریضہ حج ادا کریں گے، 80 ہزار عازمین حج سرکاری اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرینگے جبکہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز 80 ہزار عازمین حج کے لیے انتظامات کرینگے، پرائیویٹ اسکیم کے تحت پہلی حج فلائٹ 18 ستمبر کو روانہ ہوگی، عازمین حج کو پی آئی اے، شاہین ایئر اور سعودی عرب ایئرلائن کے ذریعے حجاز مقدس پہنچایا جائیگا، وزارت مذہبی امور کی جانب سے فلائٹ کا شیڈول جاری ہونے کے بعد حاجی کیمپ میں حج تربیتی کیمپ کا آغاز ہوجائیگا اور عازمین حج کو گردن توڑ بخار کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔
Load Next Story