حکومت نے مہنگائی کو کنٹرول کیا ہے گورنر سندھ عمران اسماعیل

پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مہنگائی بڑھا رہے ہیں، عمران اسماعیل

پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مہنگائی بڑھا رہے ہیں، عمران اسماعیل - فوٹو:فائل

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ یورپ، جاپان سمیت پوری دنیا میں مہنگائی بڑھی ہے، پی ٹی آئی حکومت نے ان حالات کے برعکس مہنگائی کو کنٹرول کیا ہے۔

گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ہر جگہ مہنگائی کا چرچہ ہے جبکہ اپوزیشن اور ہارے ہوئے سیاستدان بھی پروپیگنڈا کرتے پھرتے ہیں، ہمارے اوپر تنقید بھی کی گئی کہ قوم کو بھکاری بنا رہے ہیں، پروپیگنڈا کر رہے ہیں کہ عمران خان مہنگائی بڑھا رہے ہیں، یہ سمجھنا ضروری ہے کہ پنجاب میں 55 روپے کلو آٹا موجود ہے لیکن سندھ میں 74 روپے کلو مل رہا ہے، آٹے کی مہنگی فراہمی کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ سول اور ملٹری ایک پیج پر ہیں اور قائم رہیں گے، تمام تقرریاں صلاح مشورے سے ہوتی ہیں، نہ ادارے حکومت کو اور نہ ہی حکومت اداروں کو نیچے دکھانا چاہتے ہیں۔


گرین لائن منصوبہ پر کیے گئے سوال پر عمران اسماعیل نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ کی باقی 40 بسیں کل کراچی پہنچ رہی ہیں، ان 40 بسوں کی شمولیت سے گرین لائن منصوبہ میں بسوں کی کل تعداد 80 تک ہوجائے گی، اس کے علاوہ گرین لائن بسز کے ڈرائیورز کی ٹریننگ بھی چل رہی ہے اور ایک مہینے میں گرین لائن بسز چلانے کی کوشش کریں گے جبکہ کے سی آر مکمل ہونے میں دو سال لگیں گے۔

احتساب پر کیے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے پہلے کسی حکمران نے اپنے لوگوں کا احتساب نہیں کیا لیکن موجودہ حکومت نے کیا اور عمران خان نے اس حوالے سے انکوائری کمیشن بھی بنایا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ میں صحت کارڈ نہیں دے سکے کیونکہ صوبائی حکومت نے اسے رد کردیا، اس کے علاوہ گھروں کی تعمیرمیں بھی حکومت سندھ کی جانب سے مسائل در پیش ہیں۔

پریس کانفرنس کے موقع پر گورنر سندھ کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بحری امور محمود مولوی، ترجمان وفاقی وزیرخزانہ مزمل اور سندھ اسمبلی میں قائد حذب اختلاف حلیم عادل شیخ بھی موجود تھے۔
Load Next Story