این سی بی نے آریان خان کو ’’سپر ڈوپر اسٹار‘‘ بنادیا رام گوپال ورما
منشیات کیس میں گرفتار 'کنگ خان' شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گزشتہ روز بھی ضمانت نہیں ہوسکی اور اب آریان کے لیے آواز اٹھانے والوں میں بھارت کا ایک اور مشہور نام شامل ہوگیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جیل حکام آریان خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا شکار
ہدایت کار رام گوپال ورما نے گزشتہ روز آریان خان کی ضمانت نہ ہونے پر اپنے ٹوئٹر میں کہا تھا کہ شاہ رخ خان کے تمام حقیقی اور ذہین مداحوں کو این سی بی کا شکرگزار ہونا چاہیے کیونکہ انہی کی وجہ سے سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے ''سپر ڈوپر اسٹار'' بن گئے۔ میں شاہ رخ خان کا حقیقی پرستار ہونے کی حیثیت سے صرف ''جے۔۔ این سی بی'' کا نعرہ لگاتا ہوں۔
رام گوپال ورما نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ میں شرطیہ کہتا ہوں کہ آنے والے مستقبل میں آریان خان کہیں گے کہ انہوں نے اپنے والد کی نسبت این سی بی سے اور جیل میں زندگی کے متعلق بہت کچھ سیکھا۔
رام گوپال ورما کا مزید کہنا تھا کہ شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے کو صرف سپر اسٹار بنایا لیکن این سی بی نے اسے زندگی کا دوسرا پہلو دکھایا جہاں وہ اپنے والد کے کنٹرول سے باہر ہیں۔ اس طرح آریان کو زمینی حقائق کو سمجھ کر اپنی کارکردگی اور اپنی شخصیت کو لاجواب بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کا بیٹا ہونے کی وجہ سے آریان کو نشانہ بنایا جارہا ہے
واضح رہے کہ گزشتہ روز منشیات کیس میں گرفتار کنگ خان کے بیٹے آریان خان کی این سی بی کے وکیل کے دلائل مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ضمانت نہیں ہوسکی تھی اور سماعت آج تک کے لیے ملتوی کردی گئی تھی۔ آج ایک بار پھر آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوگی۔