ستمبر میں بیرونی سرمایہ کاری 236 ملین ڈالر رہی

11ماہ کے دوران سب سے زیادہ سرمایہ کاری  بیرونی انویسٹرز کے اعتماد کی مظہر

11ماہ کے دوران سب سے زیادہ سرمایہ کاری  بیرونی انویسٹرز کے اعتماد کی مظہر۔ فوٹو: فائل

ستمبر میں پاکستان میں ہونے والی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 236 ملین ڈالر رہا۔

11 ماہ کے دوران یہ کسی ایک ماہ میں پاکستان میں ہونے والی سب سے زیادہ غیرملکی سرمایہ کاری ہے۔اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نفع بخش مارکیٹ کے طور پر بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہورہا ہے۔ حیران کن طور پر ستمبر میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری امریکی کمپنیوں نے کی۔

امریکی کمپنیوں کی جانب سے کی گئی سرمایہ کاری کا حجم 68.7 ملین ڈالر رہا۔ اگرچہ افغانستان میں بیس سالہ جنگ کے خاتمے کے بعد سے اسلام آباد اور واشنگٹن کے تعلقات مزید خراب ہوئے ہیں، اس کے باوجود امریکی کمپنیوں نے پاکستان میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔ زیادہ تر سرمایہ کاری آئی ٹی اور ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبوں میں ہوئی ہے۔


اس بارے میں ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے بی ایم اے کیپیٹل کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر سعد ہاشمی نے کہا کہ ستمبر میں ایف ڈی آئی 16فیصد اضافے سے 236ملین ڈالر تک پہنچ گئی جو ستمبر 2020ء میں 202.8 ملین ڈالر تھی۔

عارف حبیب لمیٹڈ کے ریسرچ ہیڈ طاہر عباس نے کہا کہ اکتوبر 2020ء کے بعد سے یہ کسی ایک ماہ میں ہونے والی سب سے ز یادہ سرمایہ کاری ہے۔ مجموعی طور پر جولائی تا ستمبر میں ایف ڈی آئی کا حجم 439.1 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں 18.5 ملین ڈالر کم ہے۔

 
Load Next Story