ون ڈے سیریزسری لنکا کا مہیلا جے وردنے اور ہیراتھ کو آرام

ڈیموتھ کرونا رتنے اور لاہیرو تھریمانے کی چھٹی، انجیلو پریرا ٹیم میں شامل

رواں ماہ کے آخر میں ہونیوالی کرکٹ سیریز میں دو ٹوئنٹی 20 میچز بھی شامل ہیں۔فوٹو:فائل

سری لنکا نے بنگلہ دیش کیخلاف ایک روزہ سیریز میں مہیلا جے وردنے اور رنگانا ہیراتھ کو آرام دے دیا ہے، پاکستان کیخلاف یواے ای میں کھیلنے والے ڈیموتھ کرونارتنے اور لاہیرو تھریمانے بھی اسکواڈ سے باہر ہوگئے ،آل رائونڈر انجیلو پریرا ٹیم میں شامل کرلیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے بنگلہ دیش کیخلاف تین ایک روزہ میچز کی سیریز سے مہیلا جے وردنے اور رنگانا ہیراتھ کو آرام دے دیا ہے، رواں ماہ کے آخر میں ہونیوالی کرکٹ سیریز میں دو ٹوئنٹی 20 میچز بھی شامل ہیں۔ سری لنکا نے پاکستان کیخلاف یو اے ای میں کھیلنے والے ڈیموتھ کرونارتنے اور لاہیرو تھریمانے کو بھی اسکواڈ سے باہرکردیا ہے اور حالیہ فرسٹ کلاس گیم میں 204 گیندوں پر 244 رنز بنانے والے آل راؤنڈر انجیلو پریرا کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔ مہیلا گذشتہ برس دسمبر میں بچے کی ولادت کے موقع پر یو اے ای میں ہونیوالے محدود اوورز کے گیمز میں بھی شریک نہیں ہوسکے تھے۔ البتہ مہیلا اور ہیراتھ ایک روزہ میچز کے بعد ہونیوالے دو ٹوئنٹی20 انٹرنیشنل میں موجود ہوں گے ۔




لیکن ہیراتھ کی شرکت کا دارومدار زخمی گھٹنے کی حالت پر ہے جس کی وجہ سے دوسرے ٹیسٹ میں ان کی شرکت پر شکوک و شبہات پائے جاتے تھے۔ مارچ میں ہونیوالے ورلڈ ٹوئنٹی 20 ایونٹ سے قبل یہ دو ٹوئنٹی 20 میچز سری لنکا کے آخری آفیشلز میچز ہیں۔ انجیلو پریرا کو بھی ٹی 20 اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ یو اے ای کا دورہ کرنیوالی ٹیم میں شریک رمیتھ رمبوکویلا ، تھیریمانے اور کٹھورووان وتھاناگے بھی گروپ میں موجود نہیں ہیں۔ قومی سلیکٹرز نے کارکردگی کی بنیاد پر تھسارا پریرا کو دونوں اسکواڈز میں نامزد کیا ہے ، پریرا کو بگ بیش لیگ میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی جبکہ انھیں سری لنکا اے ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کیلیے کہا گیا تھا، وہ قومی ٹیم میں دوبارہ لیے جانے پر سلیکٹرز کے شکرگزار ہیں۔ لسیتھ مالنگا کی فٹنس پر اٹھنے والے شکوک بھی دور ہوگئے ہیں، اس مسئلے پر قابو پانے کیلیے مالنگا بی بی ایل میں مختصر شرکت کے بعد سری لنکا واپس آگئے تھے۔ مڈل آرڈر بیٹسمین ایشان پریانجان نے گذشتہ دسمبر ابو ظبی میں ڈیبیو پر 74 رنز بناکر ایک روزہ اسکواڈ میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے ، ٹیسٹ اسکواڈ میں پرسناجے وردنے کی جگہ لینے والے پریانجان بنگلہ دیش میں ٹیم کے ساتھ ہیں ۔ پریرا اور انھوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین اسپن بولنگ بھی کی ہے۔
Load Next Story