دربار صاحب کرتار پور آنے والے سکھ یاتریوں کیلیے ٹرین سروس بحالی کا فیصلہ

ٹرین سروس بحال ہونے سے یاتریوں کو خاطرخواہ سفری سہولت میسر ہوگی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے

ٹرین سروس کی بحالی پر ایک ارب روپے کے اخراجات آئیں گے فوٹو: فائل

محکمہ ریلوے نے ایک ارب روپے کی لاگت سے نارووال سے کرتار پور اور دربار صاحب ریلوے اسٹیشن تک بیرون ممالک سے آنے والے یاتریوں کےلئے ٹرین سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بیرون ممالک سے دربار صاحب کرتار پور آنے والے سکھ یاتریوں کی سہولت کے لیے ریلوے حکام نے ٹرین سروس بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سے کرتار پور دربار صاحب جانے والے سکھ یاتری پاکستان کے کسی بھی شہر یا بھارت سے واہگہ بارڈر کے ذریعے ٹرین سے براہ راست ہی منزل پر پہنچ سکیں گے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے افسران نے نارروال سے کرتار پور اور دربار صاحب ریلوے اسٹیشن تک ٹرین سروس بحال کرنے کے لئے فزیبیلٹی رپورٹ تیار کی ہے جس کے تحت منصوبے پر ایک ارب روپے لاگت آئے گی، اس سیکشن پر عرصہ دراز سے ٹرین سروس بند ہونے سے ریلوے ٹریک خستہ حالی کا شکار ہے جبکہ بعض مقامات پر ریلوے ٹریک زمین میں دب چکا ہے، جس کی وجہ سے نارووال، کرتار پور اور دربار صاحب ریلوے اسٹیشن تک نیا ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ ان ریلوے اسٹیشنوں کی خستہ حال عمارتوں کی اپ گریڈیشن، اسٹیشن ماسٹرز کے کمرے، ٹکٹ گھر، کیبن، سگنلز سسٹم، ریلوے پھاٹک اور یاتریوں کے لئے ویٹننگ رومز بھی ازسر نو تعمیر کئے جائیں گے، اس بات کا بھی خاص طور پر خیال رکھا جائے گا کہ یاتریوں کو اپنا سامان ٹرین سے اتارنے اور ٹرین میں چڑھانے میں خاطرخواہ سہولتیں فراہم کی جائیں، اسٹیشن تک سامان لانے اور باہر ٹرانسپورٹ تک سامان لیجانے کے لئے ٹرالیاں رکھی جائے گی اور ریلوے برجز کی مرمت بھی کی جائے گی۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلوے نثار احمد میمن کا کہنا ہے کہ نارووال، کرتارپور اور دربار صاحب سیکشن پر ٹرین سروس بحال کرنے کے لئے فزیبیلٹی تیار کی گئی ہے جس میں اس سیکشن پر آنے والی کل لاگت اور یاتریوں اور دیگر مسافروں کو خاطرخواہ سہولتیں فراہم کرنا شامل ہیں۔ ٹرین سروس بحال ہونے سے بیرون ممالک اور پاکستان سے دربار صاحب جانے والے یاتریوں کو خاطرخواہ سفری سہولت میسر ہوگی اور ریلوے کو بھی ریونیو حاصل ہوگا۔
Load Next Story