مہنگائی سے نجات کے لئے عمران خان کو اقتدار سے نکالنا ہوگا بلاول بھٹو زرداری

مہنگائی کا شکار آج ہر پاکستانی جان چکا ہے کہ عمران خان ایک نااہل حکمران ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی

عمران خان کی غلط حکمت عملیوں سے ملک معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا، بلاول بھٹو زرداری فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مہنگائی سے نجات کے لئے عمران خان کو اقتدار سے باہر پھینکنا ہوگا۔


چارسدہ میں مہنگائی کے خلاف عوامی مظاہرے پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو شاباش دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کے مسلسل مظاہروں میں عوام کی تاریخی شرکت سلیکٹڈ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، جیالے ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا تسلسل جاری رکھیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 3 سال میں پاکستان کو دنیا کا چوتھا مہنگا ترین ملک بنادیا، عمران خان کی غلط حکمت عملی کی وجہ سے آج ملک معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا۔ مہنگائی کا شکار آج ہر پاکستانی جان چکا ہے کہ عمران خان ایک نااہل حکمران ہے، مہنگائی سے نجات کے لئے عمران خان کو اقتدار سے باہر پھینکنا ہوگا۔
Load Next Story