خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

تحفے کا گوشت کھانا
سبحان شیخ ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میرے والد صاحب اپنی دوکان سے تحفے میں ملنے والے گوشت کو امی کو دے رہے ہیں کہ وہ پکا دیں مگر امی پریشان ہیں کہ جانے کس چیز کا گوشت ہو مگر میرے دادا جان ان کو کہتے ہیں کہ یہ خرگوش کا گوشت ہے اور بہت اچھا ہے پکا کر سب کو کھلا دیں ۔ اس پہ میری والدہ اس کو لے کر کہیں چلی جاتی ہیں ۔ پھر دیکھا کہ ہم سب بہت ہی لذیذ کھانا کھا رہے ہیں جس کا ذائقہ بہت ہی مزیدار ہوتا ہے اس کی تعبیر بتا دیں۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

سفر میں لذیذ کھانا
شاھد بشیر ، لاہور
خواب : میں نے دیکھا کہ میں بس میں کہیں جا رہا ہوں ۔ راستے میں اچانک بس خراب ہونے پر دوسری سواریوں کے ساتھ میں بھی وقت گزارنے کو ٹہلتا ہوا کھیتوں کی طرف نکل جاتا ہوں ۔ وہاں کچھ آدمی بیٹھے کھانا کھا رہے ہوتے ہیں ۔ سلام دعا کے بعد وہ مجھے اپنے ساتھ کھانے میں شریک ہونے کی دعوت دیتے ہیں جو کہ میں قبول کر لیتا ہوں ۔ کھانا ہوتا تو سادہ ہے مگر بے حد لذیذ جس کا ذائقہ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا ۔ دل میں مسلسل خدا کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے ھم کو یہ نعمت دی ۔ وہ خوشی سکون اور مزہ میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ،کاروبار میں وسعت ہو گی اور برکت بھی ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

گندگی کے نشان
سدرہ ثناء، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں کسی دعوت کا انتظار کر رہی ہوں، گھر میں ملازمہ بھی ساتھ کام کر رہی ہے ۔ وہ سارا فرش دھو کر صاف کرتی ہے تو مجھے ہر جگہ گندگی کے نشان نظر آتے ہیں ۔ میں بہت پریشان ہوتی ہوں کہ یہ کس نے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر رکھ دیے ہیں ۔ پریشانی کے مارے میری حالت خراب ہونے لگتی ہے اور میں کسی جگہ پریشان ہو کر بیٹھ جاتی ہوں ۔ بس اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔

تعبیر : یہ خواب اللہ نہ کرے پریشانی و حرام مال کو ظاہر کرتا ہے۔ کاروباری معاملات میں قناعت اور ایمانداری کا مظاھرہ کریں ۔ سب لوگ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ھر نماز کے بعد کثرت سے استغفار بھی کیا کریں ۔ ہو سکے تو حسب توفیق صدقہ و خیرات بھی کریں ۔

سامان خریدنا
شعیب قادر ، لاہور

خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے دوست کے ساتھ بازار آتا ہوں اور مختلف سامان خریدنے میں اس کی مدد کر رہا ہوں ۔ اور خود بھی کچھ چیزیں خرید رہا ہوں مگر گھر آ کر مجھے بہت حیرت ہوتی ہے کہ میرے سامان میں بس کوئلے کا لفافہ ہوتا ہے اور میں پریشانی کے عالم میں یھی سوچتا رھتا ہوں کہ نجانے یہ کیسے میرے سامان میں آ گئے جبکہ ہم نے خریدے بھی نہیں ۔

تعبیر: یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ مالی معاملات میں پریشانی کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ غیر ضروری اخراجات یا اصراف اس کا سبب ہو سکتا ہے ۔کاروبار میں بھی رقم بلاک ہونے کا احتمال ہے۔ اس سے اللہ نہ کرے کہ قرض تک کی نوبت آ سکتی ہے۔ آپ حلال روزی کا اہتمام کریں اور نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔ صدقہ و خیرات بھی حسب توفیق کرتے رہا کریں ۔

سانپ کاٹ لیتا ہے
صائمہ الیاس، شاہ کوٹ
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے صحن میں صفائی کر رہی ہوں ۔ وہاں جو کونے میں درخت ہے اس کے نیچے سے دھوتے ہوئے اچانک کوئی چیز میرے اوپر گرتی ہے۔ جس سے میں ایک دم بہت خوفزدہ ہو جاتی ہوں ۔ دیکھتی ہوں تو وہ ایک پتلا سا کالا سانپ ہوتا ہے جو میری طرف لپکتا ہے ۔ میں تیزی سے جھاڑو اس کی طرف پھینکتی ہوں مگر وہ اس کو لگتا نہیں اور وہ تیزی سے میری طرف لپکتا ہے اور میری ٹانگ پہ اچھل کے کاٹ لیتا ہے ۔

تعبیر : اس خواب سے ظاہر ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی دشمن آپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا جس سے آپ کو تکلیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حفیظ یا اللہ کا ورد کیا کریں ۔کوشش کریں کہ کچھ صدقہ و خیرات بھی کریں ۔ صبح بعد از فجر اول و آخر گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 101 مرتبہ نصرمن اللہ و فتح قریب پڑھ کر اللہ تعالی سے دعا کریں کہ آپ کو دشمن کے شر سے محفوظ رکھے ۔

حلوہ بانٹنا
سعدیہ کلثوم، اسلام آباد
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کالج میں کسی حلوہ نما چیز کے ڈبے بانٹ رہی ہوں ۔ میرے اساتذہ اور کالج کے تمام طلبہ خوشی خوشی وہ حلوہ لینا چاہ رہے ہیں ۔ برائے مہربانی اس کی تعبیر بتا دیں ۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کی زندگی میں کوئی خوشخبری آنے والی ہے ۔ رزق میں اضافہ ہو گا ۔ وسائل میں بھی بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

باغ اجڑنا
فرح بیگم، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میرا سرسبز باغ بالکل سوکھ گیا ہے جبکہ باقی لوگوں کے ٹھیک ہیں ۔ میں ان کو دیکھ کر پریشان ہوتی ہوں اور سوچتی ہوں کہ اتنا پیسہ لگایا اس پہ اور جانے کیوں کسی نے پانی نہیں دیا جس کی وجہ سے یہ سوکھ گیا ہے۔

تعبیر : اس خواب سے اندازہ ہوتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا غم کا سامنا ہو سکتا ہے ۔ بیماری یا تعلیمی سلسے میں کوئی رکاوٹ پیش آ سکتی ہے۔ کاروباری معاملات میں کسی غیریقینی صورتحال کا سامنا ہونے کا امکان ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں۔ آپ کے لئے محفل مراقبہ میں دعا کرا دی جائے گی ۔ ممکن ہو تو کچھ صدقہ و خیرات کیا کریں ۔
Load Next Story