کالعدم ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے شیخ رشید

تاحال 350 کارکنوں کو رہا کردیا، فرانسیسی سفارت کار کی بے دخل کا معاملہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، وزیر داخلہ

اب تک ٹی ایل پی کے 350 کارکنوں کو رہا کردیا، ٹی ایل پی کے ساتھ کیے گئے فیصلے کے مطابق مرید کے روڈ کھولے جانے کے منتظر ہیں (فوٹو: فائل)

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، ہم نے ان کے اب تک 350 کارکنوں کو رہا کردیا جبکہ احتجاجی شرکا اسلام آباد کی طرف مارچ نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ ٹی ایل پی سے تفصیلی مذاکرات ہوئے، وزیراعظم کو تمام صورتحال سے آگاہ کرتا رہا، سعد رضوی سے ون آن ون ملاقات ہوئی ہے، مذاکرات میں فرانسیی سفیر کے حوالے سے کھل کر بات ہوئی، اس وقت پاکستان میں فرانس کا سفیر نہیں، فرانس کے معاملے کو اسمبلی میں لے کر جائیں گے، ان کا اعتراض درست تھا کہ چھ ماہ سے ان کے معاملے کو نہیں دیکھا جا سکا، منگل یا بدھ تک ان کے کیسز واپس لیے جائیں گے، احتجاجی قافلے نے منگل تک مریدکے میں پڑاؤ کرنا ہے، انتظامیہ کو کینٹینر ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔

حالات بہتر ہوجائیں گے

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا وزیر داخلہ ختم نبوت کا سپاہی ہے، مذہبی لوگوں سے ٹکراؤ نہیں ہونا چاہیے، امن و امان کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، امید ہے حالات بہتر ہوجائیں گے، حکومت کا کام نہیں جوڈو کراٹے کرے، ریاست کا کام ڈںڈا چلانا نہیں ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں آبادی کا سمندر ہے، اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کینٹینر ہٹادیں۔

ہر سال پی ڈی ایم نومبر اور دسمبر کو مشقیں کرتی ہیں

شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ایٹمی ریاست ہے اس پر عالمی دباؤ ہے، ایف اے ٹی ایف میں بھی پاکستان کا ایک پوائنٹ رہتا ہے، ہمیں عالمی مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے عام آدمی متاثر ہورہا ہے، احتجاج سیاسی پارٹیوں کا حق ہے، ہر سال پی ڈی ایم نومبر اور دسمبر کو مشقیں کرتی ہیں، جنوری تک سکون ہوجاتا ہے، ہمیں سوا 3 سال ہوگئے ہیں اور ہم اپنی مدت پوری کریں گے، پی ٹی آئی آئندہ الیکشن بجٹ دے گی، میری ہمدردی عمران خان کے ساتھ ہے ، ان کے ساتھ آیا ہو ان ہی کے ساتھ جاؤں گا۔


لیفٹیننٹ جنرل فیض ہی اس وقت ڈی جی آئی ایس آئی ہیں

ڈی جی آئی ایس آئی کے نوٹی فکیشن کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ان کا خیال تھا کہ گزشتہ جمعے تک نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا نوٹی فکیشن ہوجائے گا لیکن ایسا نہیں ہوسکا، بلا شبہ اس وقت لیفٹیننٹ جنرل فیض ہی ڈی جی آئی ایس آئی ہیں، بحیثیت وزیر داخلہ مجھ سے ایسے ہی سوال پوچھے جائیں جو میرے دائرہ کار میں ہوں، اس حوالے سے وزیر اطلاعات سے پوچھا جائے۔

معاملات کافی حد تک طے پا چکے

پریس بریفنگ سے قبل شیخ رشید نے کہا تھا کہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے اور معاملات کافی حد تک طے پا چکے ہیں، ٹی ایل پی کے زیر حراست افراد کو چھوڑ دیا جائے گا اور ماضی میں کیے گئے معاہدے کے تحت فرانسیسی سفارتکار کو بے دخل کرنے کا معاملہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

دریں اثنا اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک ٹی ایل پی کے 350 کارکنوں کو رہا کردیا ہے ہم ٹی ایل پی کے ساتھ کیے گئے فیصلے کے مطابق مرید کے روڈ کھولے جانے کے منتظر ہیں۔



 
Load Next Story