بھارت سے جیت پاکستانی کھلاڑیوں کا مائنڈ سیٹ تبدیل کردے گی وسیم اکرم

پاکستان اب ورلڈکپ کے لیے فیورٹ ہے، سابق کپتان

پاکستان اب ورلڈکپ کے لیے فیورٹ ہے، سابق کپتان فوٹو : فائل

پاکستان کرکٹ کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ بھارت سے جیت کھلاڑیوں کا مائنڈ سیٹ تبدیل کردے گی، پاکستان اب ورلڈکپ کے لیے فیورٹ ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے پاکستان کی جیت پر ردعمل میں کہا کہ پاکستان کو بھارت پر ہمیشہ برتری رہی، بس ورلڈکپ میں پیچھے تھے، شکر ہے اپنی زندگی میں یہ لمحہ دیکھ لیا، شاہین شاہ دنیا کے نامور بالرز میں شامل ہو چکا ہے ، اس نے بہترین باؤلنگ کی اس کو مزید کام کرنا ہوگا۔


وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ محمد رضوان بھی تسلسل کے ساتھ پر فارم کر رہا ہے ، بابر اعظم نے وقت پر بولرز کو استعمال کیا ، انہوں نے کپتانی بہت ا چھی کی ہے ، محمد رضوان ایک زبردست ٹیم مین ہے ، اس نے ٹیم کو متحد کر کے رکھا ہوا ہے ، وزیراعظم عمران خان کی ٹپس یقینی طور پر کھلاڑیوں کے کام آئی ہونگی، ان سے ملاقات کرکے ٹیم کا بہت حوصلہ افزا بڑھا تھا، لیکن اصل کریڈٹ تو ٹیم کو جاتا ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ پاکستان ٹیم نے اپنی پرفارمنس سے تمام اندازے غلط ثابت کردیا ، دعا ہے کہ پاکستان فائنل میں پہنچے لیکن ابھی بڑے میچز باقی ہیں ، جیت کا جشن بہت منالیا اب اگلے میچز پر فوکس ہونا چاہیے ، بھارت کے خلاف جیت سے پتہ چلا ہے ہمارے لڑکوں میں صلاحیت ہے ، پاکستان ٹیم کا میچ کے بعد مائنڈ سیٹ تبدیل ہوا ، پاکستان کی پرفارمنس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
Load Next Story