ملک اور عوام کے ہر مسئلے کا واحد حل عمران خان کے استعفیٰ میں ہے ترجمان ن لیگ

ظالم حکومت کا راستہ روک کر ہی مہنگائی کا راستہ روکا جا سکتا ہے، مریم اورنگزیب

ہر روز عوام کو غریب اور بے روزگار کیا جا رہا ہے، مریم اورنگزیب فوٹو: فائل

NOORPUR THAL:
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملک اور عوام کے ہر مسئلے کا واحد حل عمران خان کے استعفیٰ میں ہے۔


روپے کی قدر میں کمی اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت بڑھنے کے تناظر میں پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کے امکان پر ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ تین سال آئی ایم ایف کی تابعداری میں عوام کا معاشی قتل کیا گیا ہے، ہر روز عوام کو غریب اور بے روزگار کیا جا رہا ہے، عمران خان کی کوئی سمت اورحکمت عملی نہیں، مہنگائی کے 70 سال کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں، نالائقی، نااہلی اور کرپشن کے تاریخی ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں، ہر روز آٹا ، چینی ، انڈے ، سبزیاں ، پھل ،خورنی تیل ، گھی، پڑول ، گیس ، بجلی اور دوائی مہنگی ہو رہی ہے۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ ملک میں ترقی کے عمل اور تمام منصوبوں کو تالا لگا ہوا ہے، والدین بچوں کے اسکول کے سردی کے یونیفارم خریدنے کے قابل نہیں رہے، لوگ ماں باپ کے لئے دوائی نہیں خرید سکتے، لوگ گھر کا کرایہ دینے سے مجبور ہوچکے ہیں، خواتین گھر کا سودا سلف نہیں خرید سکتیں، عوام کے چولہے بجھ چکے ہیں اور جیب خالی ہے، پاکستان اور عوام کے ہر مسئلے کا واحد حل عمران خان کے استعفیٰ میں ہے، ظالم حکومت کا راستہ روک کر ہی مہنگائی کا راستہ روکا جا سکتا ہے۔
Load Next Story