ڈی کاک کا نسلی امتیاز کیخلاف اظہار سے انکار ورلڈ کپ میچ سے دستبردار

جنوبی افریقا کرکٹ بورڈ نے میچ سے قبل کھلاڑیوں کو ایک گھٹنے پر بیٹھ کر سیاہ فام قوم سے اظہار یکجہتی کی ہدایت کی تھی

ڈی کوک کے خلاف مزید کارروائی بھی کی جائے گی، فوٹو: ٹوئٹر

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران ویسٹ انڈیز کیخلاف جنوبی افریقا کے وکٹ کیپر ڈی کاک نے گھٹنے ٹیک کے نسلی امتیاز کے خلاف اظہار یکجہتی کرنے سے انکار کرتے ہوئے میچ سے دستبردار ہوگئے۔


عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے قبل ہی جنوبی افریقا کے کھلاڑیوں نے اپنے بورڈ کی ہدایت کے پیش نظر دنیا بھر میں سیاہ فام افراد کے ساتھ امتیازی سلوک کے خلاف گھٹنے ٹیک کر یکجہتی کا اظہار کیا تاہم وکٹ کیپر ڈی کاک نے ایسا کرنے سے انکار کرتے ہوئے میچ سے دستبردار ہوگئے۔


ڈی کاک نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ نسلی تعصب کے خلاف ہیں اور ''بلیک لائف میٹرز'' مہم سے متاثر بھی ہیں لیکن وہ اس بات کا اظہار کسی کی بھی جانب سے زبردستی مسلط کیے جانے پر نہیں بلکہ اپنی مرضی سے کریں گے۔




دوسری جانب جنوبی افریقا کی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئنٹن ڈی کاک نے گھٹنا ٹیک کر سیاہ فام قوم سے اظہار یکجہتی کرنے سے انکار کردیا تھا جس پر ان کے خلاف منیجمنٹ کی رپورٹ ملنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔


آج سے قبل جنوبی افریقہ کرکٹرز اپنے اپنے انداز میں نسلی تصب کیخلاف مہم کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے تھے جس کے بعد کرکٹ بورڈ نے تمام پلیئرز کو ایک ہی طریقے یعنی ایک گھٹنے پر بیٹھ اظہار یکجہتی کرنے کی ہدایت کی تھی۔


واضح رہے کہ امریکا میں پولیس کے ہاتھوں سیاہ فام بے گناہ شخص کی ہلاکت پر عالمی سطح پر مظاہرے ہوئے تھے اور مقتول کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک گھٹنے پر بیٹھ کر پولیس افسران نے معافی بھی مانگی تھی جس کے بعد سے یہ انداز نسلی امتیاز کے خلاف ایک مثال بن گیا ہے۔


 
Load Next Story