پاک بھارت میچ کے دوران بابر اعظم کی والدہ ICU میں تھیں والد

اہلیہ نے مجھے دبئی جانے کی ہدایت کی تاکہ بابر کمزور نہ پڑ جائے، والد اعظم صدیقی

اہلیہ نے مجھے دبئی جانے کی ہدایت کی تاکہ بابر کمزور نہ پڑ جائے، والد اعظم صدیقی - فوٹو:انسٹاگرام

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد نے بتایا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے دوران میری اہلیہ اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل تھیں۔

انسٹاگرام پر کپتان بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی کے نام سے موجود اکاؤنٹ سے بابر اعظم کی اہل خانہ کے ہمراہ تصویر شیئر کی گئی ہے اور کیپشن میں لکھا گیا ہے کہ 'کچھ سچ اب میری قوم کو پتہ ہونا چاہیے، آپ سب کو مبارک تینوں جیت پر۔ جس دن پاکستان کا میچ بھارت سے تھا اس دن ایک اور بڑا امتحان تھا۔'

اعظم صدیقی نے لکھا کہ 'میچ کے دوران بابر کی والدہ آپریشن کے بعد انتہائی نگہداشت وارڈ میں تھیں، بابر اعظم نے شدید پریشانی کی حالت میں تینوں میچ کھیلے، کرم ہے پروردگار کا کہ اب وہ ٹھیک ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ اپنے قومی ہیروز کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ نہ بنایا کریں۔








View this post on Instagram


A post shared by Azam Siddique (@azam.siddique56)




کپتان بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بابر کی والدہ کامیاب آپریشن کے بعد اب خطرے سے باہر اور گھر منتقل ہوچکی ہیں، بھارت کے خلاف میچ سے ایک روز پہلے لاہور میں بابر کی والدہ کی طبیعت ناساز تھی۔

اعظم صدیقی نے بتایا کہ اہلیہ کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں بھی رکھا گیا، ڈاکٹر نے فوری آپریشن کا کہا تھا لیکن اہلیہ نے مجھے دبئی جانے کو کہا تاکہ بابر کمزور نہ پڑ جائے۔

دبئی میں موجود بابراعظم کے والد نے پی سی بی سے درخواست کی ہے کہ وہ انہیں سماجی فاصلہ رکھتے ہوئے بیٹے سے ملاقات کی اجازت دیں تا کہ بابر اعظم کو ان کی والدہ کی خیریت سے آگاہ کرکے حوصلہ دے سکوں۔
Load Next Story