کراچی میں فائرنگ تشدد سیاسی کارکن سمیت 4 ہلاک کار پر بم حملہ

تیسر ٹائون میں زاہد نشانہ بنایا گیا، اورنگی میں کار کو بم سے اڑانے کی کوشش، ایک شخص زخمی

ریڈیو پاکستان کے قریب ٹارگٹ کلرز کے ہاتھوں نوجوان ماراگیا، کلاکوٹ سے ذبح شدہ اور شاہ لطیف ٹائون سے سر کچلی لاشیں ملیں۔ فوٹو: فائل

شہر میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کو مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلرز کے ہاتھوں سیاسی کارکن سمیت 4 افراد ہلاک جبکہ فائرنگ ، بال بم اور کریکر حملوں میں متعدد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹائون کے علاقے تیسر ٹائون خدا کی بستی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 45 سالہ محمد زاہد ولد محمد طاہر ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق مقتول جائیداد کی خرید و فروخت کا کام کرتا تھا، خدشہ ہے کہ قتل کاروباری رقابت کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل کے ترجمان ڈاکٹر تاج کے مطابق مقتول ان کی جماعت کا کارکن تھا، انھوں نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ زاہد کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ اورنگی ٹائون کے علاقے پونے5 چورنگی کے قریب کار پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں کار سوار 60 سالہ ذوالفقار ولد جعفر زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ اورنگی ٹائون پولیس کے مطابق مضروب تاجر ہے اور اس کا منگھوپیر روڈ پر کارخانہ ہے۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں واقعے کو بھتہ خوری کا شاخسانہ قرار دیا ہے ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق ملزمان نے کار پر بال بم پھینکا، جائے وقوع سے بال کے ٹکڑے ملے ہیں، بم میں بال بیئرنگ بھی شامل تھے ، مجموعی طور پر بم کا وزن 250 گرام تھا۔ علاوہ ازیں قصبہ موڑ پراسماعیل آئل ڈپو پر نامعلوم ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوگئے، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اسماعیل کی دکان پر اس سے قبل بھی حملے کیے جاچکے ہیں جس کا مقدمہ پیرآباد تھانے میں درج ہے، حکام نے واقعے کو بھتہ خوری کا شاخسانہ قرار دیا ہے ۔




اسٹیل ٹاؤن کے علاقے لنک روڈ نزد ریڈیو پاکستان کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 22 سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا ، مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔کلاکوٹ کے علاقے سے 50 سالہ شکیل بلوچ کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد تیز دھار آلے کی مدد سے ذبح کر کے قتل کر دیا تھا۔مقتول لیاری کے علاقے جوگی چوک کا رہائشی تھا اور شبہ ہے کہ اسے لیاری گینگ وار کے ملزمان نے مخبری کے شبے میں قتل کیا ۔ شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے نیو پورٹ قاسم کالونی رزاق آباد کے قریب پلاٹ سے 40 سالہ صفدر علی کی سرکچلی لاش ملی، لاش کے قریب سے ملنے والے شناختی کارڈ پر اس کا پتہ مہمند ایجنسی لکھا ہوا ہے۔

علاوہ ازیں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے منگھوپیر کے علاقے میانوالی کالونی میں 55 سالہ قاضی سراج الحق ولد قاضی عبدالخالق، الیاس گوٹھ میں 4 سالہ انفال بلوچ دختر مراد بلوچ زخمی ہوگئی۔ پیر آباد کے علاقے قصبہ کالونی میں چند روز قبل اے این پی رہنما کے گھر کے باہر کیے جانے والے بم دھماکے میں زخمی ہونے والا 55 سالہ نصیب خان منگل کو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے عباسی شہید اسپتال میں چل بسا۔ نصیب خان اسی علاقے کا رہائشی اور جب پہلا دھماکا ہوا تھا تو وہ گھر سے علاقے کی صورتحال دیکھنے کے لیے نکلا تھا کہ دوسرے دھماکے کی زد میں آکر زخمی ہوگیا تھا۔
Load Next Story