ساحل پر پھنسنے والے بحری جہاز نے پاکستان کو ’’خدا حافظ‘‘ کہہ دیا

مالک نے جہاز کی مرمت خلیجی ریاست میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے،جہاز کو ایک ٹگ بوٹ سے کھینچ کر دبئی منتقل کیا جائے گا

ہینگ ٹونگ جہاز 21جولائی کو انجن کی خرابی اور لنگر ٹوٹنے کی وجہ سے کراچی کے ساحل پر آکر ریت میں پھنس گیا تھا۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی کے ساحل پر پھنسنے کے بعد سرکاری تحویل میں لیے جانے والا پانامہ کا بحری جہاز ہینگ ٹونگ77 پاکستان سے روانہ ہوگیا۔

جہاز کے مالک سے واجبات کی وصولی کے بعد جہاز کو ٹگ بوٹ کے ذریعے کھینچ کر لے جانے کی اجازت مل گئی، جہاز کے مالک نے جہاز کی مرمت خلیجی ریاست میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے جہاز کو ایک ٹگ بوٹ سے کھینچ کر دبئی منتقل کیا جائے گا۔


ہینگ ٹونگ جہاز 21جولائی کو انجن کی خرابی اور لنگر ٹوٹنے کی وجہ سے کراچی کے ساحل پر آکر ریت میں پھنس گیا تھا جسے نکالنے کی کئی کوششیں موسم کی خرابی اور تکنیکی مسائل کی وجہ سے کامیاب نہ ہوسکیں آکر کار ڈیڑھ ماہ بعد 7 ستمبر کو جہاز کو نئے اور مضبوط رسوں کی مدد سے نکالنے میں کامیابی ملی۔

جہاز کو سرکاری تحویل میں لے کر کراچی پورٹ پر لنگر انداز کردیا گیا، جہازسمندری سفر کے لیے موزوں نہ ہونے کی وجہ سے حکام نے روانگی کی اجازت نہیں دی ادھر پورٹ اتھارٹیز اور سیکیورٹی کی مد میں لگ بھگ ڈھائی کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی بھی جہاز کی روانگی میں تاخیر کا سبب بنی رہی ،آخر کار جہاز کے مالک نے شپنگ ایجنٹ بحریہ میرین سروسز کے ذریعے تمام واجبات ادا کردیے جس کے بعد کراچی پورٹ، پاکستان کسٹمز ور میرین مرکنٹائل ڈپارٹمنٹ نے جہاز کو این او سی جاری کردیا۔

جہاز کو لے جانے کے لیے دبئی سے خصوصی ٹگ ''الوحاش'' کراچی پہنچا دو روز کی تیاریوں اور منصوبہ بندی کے بعد جہاز بدھ کی صبح چھ بجے لے جانے کا فیصلہ کیا گیا تاہم تیز ہواؤں کی وجہ سے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا اور بدھ کی سہ پہر جہاز گہرے سمندر کی جانب روانہ کردیا گیا جہاز کو چینل تک پہنچانے میں کمپنی سی میکس کے ٹگ اور ماہرین نے بھی حصہ لیا۔
Load Next Story