پنجاب کابینہ نے ٹی ایل پی سے پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی

پابندی ہٹانے کے لیے پنجاب کے مطلوبہ 18 وزرا نے حمایت کردی، اب اگلا قدم وفاقی حکومت کو اٹھانا ہوگا

پابندی ہٹانے کے لیے پنجاب کے مطلوبہ 18 وزرا نے حمایت کردی، اب اگلا قدم وفاقی حکومت کو اٹھانا ہوگا (فوٹو : فائل)

پنجاب کابینہ نے کالعدم تحریک لبیک پر عائد پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی، 18 وزرا کی اکثریت نے تحریک لبیک کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ واپس لینے کی حمایت کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے ساتھ جڑے ''کالعدم'' کا اسٹیٹس ہٹانے کے معاملے میں پہلی پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ پنجاب کابینہ کے وزرا کی مطلوبہ تعداد نے ٹی ایل پی پر عائد پابندی ہٹانے کی سفارش کردی۔ پابندی ختم کرنے کی سفارشات کی سمری کے حق میں کم ازکم 18 وزرا کی حمایت درکار تھی جو مل گئی۔

قبل ازیں وفاقی حکومت نے کالعدم تنظیم سے پابندی ہٹانے کے حوالے سے پنجاب حکومت سے رائے طلب کی تھی۔ وزیراعلی پنجاب سیکریٹریٹ نے سمری کابینہ کمیٹی برائے قانون کو بھیجی تھی۔


یہ پڑھیں : سعد رضوی کی رہائی کی درخواست واپس لئے جانے پر نمٹادی گئی

بعدازاں راجہ بشارت کی سربراہی میں اجلاس میں پنجاب کابینہ کو تھرو سرکولیشن سمری پر منظوری لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ گزشتہ روز پنجاب کابینہ کو تھرو سرکولیشن سمری ارسال کی گئی۔

واضح رہے کہ سمری پر قانونی طور پر کم ازکم 18 وزرا کی رائے درکا ر تھی اور اب مطلوبہ تعداد میں سمری پر وزرا نے پابندی ہٹانے کی سفارش کردی ہے چنانہ پنجاب کی تحریری سفارشات موصول ہونے کے بعد اب وفاقی حکومت اگلا قدم اٹھائے گی۔

قبل ازیں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے ارسال کردہ سمری کی ابتدائی منظوری دیتے ہوئے تحریک لبیک کو کالعدم ختم کرانے سے متعلق صوبائی کابینہ سے تھرو سرکولیشن منظوری لینے کا حکم دیا تھا۔
Load Next Story