نجی اسکول کے خواتین واش روم کے باہر خفیہ کیمرے کا انکشاف

کیمرے واش روم میں واش بیسن کے ساتھ والی دیوار میں نصب تھے

کیمرے سے خواتین کی ویڈیوز بنائی جاتی تھیں، محکمہ تعلیم۔ فوٹو:سوشل میڈیا

صفورہ گوٹھ پر واقع نجی اسکول کے خواتین واش روم کے باہر خفیہ کیمرے کا انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے صفورہ گوٹھ میں واقع ایک نجی اسکول کے خواتین واش روم کے باہر خفیہ کیمرے کا انکشاف ہوا، جس پر محکمہ تعلیم نے کارروائی کرتے ہوئے اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی ہے، اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔


محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق اسکول کے واش روم میں کیمرے موجود ہونے کی اطلاعات منظر عام پر آئیں جس پر محکمہ تعلیم سندھ کی ٹیم نے اچانک اسکول کا معائنہ کیا اور واش روم میں موجود کیمروں کو نشاندہی کے بعد نکالا ہے، کیمرے دیواروں کے اندر سوراخ میں رکھے گئے تھے، یہ کیمرے واش روم میں واش بیسن کے ساتھ والی دیوار میں نصب تھے، جس سے واش رومز کے اندر اور باہر آنے جانے والوں کی نقل و حرکت مانیٹر کی جاسکتی ہے، اور کیمرے سے خواتین کی ویڈیوز بنائی جاتی تھیں، محکمہ تعلیم سندھ کو خواتین نے کیمروں سے متعلق شکایت درج کرائی تھیں۔

ویجیلنس ٹیم نے کیمروں سے متعلق رپورٹ محکمہ تعلیم کو جمع کروا دی ہے، اور محکمہ کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، واقعہ پر محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے اسکول سے وضاحت طلب کی گئی تھی، تاہم انتظامیہ کمیٹی کے طلب کرنے پر نہیں گئی، اسکول کی جانب سے واقعہ پر وضاحت نہ دینے پر محکمے کی جانب سے اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی گئی ہے۔
Load Next Story