سیکیورٹی تحفظات دور ہونے پر پاکستان کا دورہ کرکے خوشی ہوگی آسٹریلوی کپتان

دیانتداری سے کہا جائے تو ہوسکتا ہےکہ چند کھلاڑی پاکستان جانے سے گھبرائیں، ٹم پین

پاکستان میں جاکر کھیلنے کے حوالے سے ہر کھلاڑی کو ذاتی طور پر فیصلہ کرنا ہے، ٹم پین فوٹو: فائل

آسٹریلیا کے کپتان ٹم پین نے کہا ہے کہ انہیں سیکیورٹی تحفظات دور ہونے پر پاکستان کا دورہ کرکے خوشی ہوگی۔


آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا دورہ کرکے خوشی ہوگی، تاہم دورے کے حوالے سے کچھ کہنا ابھی قبل ازوقت ہوگا۔ سیکیورٹی کے حوالے سے کھلاڑیوں کو تحفظات ہیں جن کو دور کرنا ہوگا۔ ہوسکتا ہے کہ بعض کھلاڑی سیکیورٹی ماہرین کی رائے سے بھی بڑھ کر مزید جاننا چاہیں، اگر دیانتداری سے کہا جائے تو ہوسکتا ہےکہ چند کھلاڑی دورے پر جانے سے گھبرائیں۔

2017 میں ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان میں کھیلنے والے ٹم پین نے پاکستان کی سیکیورٹی کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان میں جو سیکیورٹی ملی وہ زندگی میں نہیں دیکھی۔ فضا میں ہیلی کاپٹرز، پانچ کلومیٹرز تک سڑکیں بند، چیک پوائنٹس سخت سکیورٹی حصار سب کچھ غیر معمولی تھا، اگلے برس پاکستان میں جاکر کھیلنے کے حوالے سے ہر کھلاڑی کو ذاتی طور پر فیصلہ کرنا ہے، سیکیورٹی کے بارے میں سب کو مطمئن ہوناہے۔ اگر ہم پاکستان جاکر کھیلتے ہیں یہ بہت اچھی بات ہوگی۔
Load Next Story