پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئندہ ہفتے ہونے کا قوی امکان

اپوزیشن نے بھی اپنے تمام ممبران پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایات کردی

حکومت نے اپنے تمام ممبران اسمبلی اور سینیٹرز کو پیر کے روزاسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کردی. فوٹو : فائل

لاہور:
حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئندہ ہفتے بلانے کا قوی امکان ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قانون سازی کے حوالے سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آئندہ ہفتے ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس حوالے سے حکومتی بڑوں نے مشاورت شروع کردی ہے۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپنے تمام ممبران اسمبلی اور سینیٹرز کو پیر کے روزاسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت الیکشن اصلاحات، سمندر پار پاکستانیوں سمیت دیگر اہم قانون سازی کرنا چاہتی ہے ساتھ ہی اتحادی جماعتوں کو بھی پیر تک جواب دینے کا کہہ دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے بھی حکومت کی خاموش چال بھانپ لی ہے اور اپوزیشن نے بھی اپنے تمام ممبران پارلیمنٹ کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایات کردی ہیں۔

مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، جے یو آئی سمیت تمام اپوزیشن ممبران کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں اور جو ممبران اس وقت شہر سے باہر، حلقوں یا بیرون ملک ہیں انہیں جلد واپس آنے کے پیغامات دے دیے گئے ہیں۔ اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے اچانک پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا۔
Load Next Story