ورلڈ کپ جیتنے کے بعد آسٹریلوی کھلاڑیوں کی جوتے میں بیئر پینے کی ویڈیو وائرل
میتھیو ویڈ اور مارکس اسٹوس کی جوتے میں بیئر ڈال کر پینے پر صارفین کے دلچسپ تبصرے
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کے بعد آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کی جشن منانے کے دوران جوتے میں مشروب پینے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کو 8 وکٹ سے شکست دینے کے بعد مختصر فارمیٹ میں پہلی بار عالمی چیمپئن بننے والی آسٹریلیا نے نہ صرف میدان بلکہ ڈریسنگ روم میں بھی خوب جشن منایا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے نئے حکمران بننے کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم نے ڈریسنگ روم میں خوب ہلہ گلہ کیا اور مختلف گانوں پر رقص کرتے رہے اور اس دوران ان کے ہاتھوں میں مختلف مشروب اور بیئرز کی بوتلیں بھی تھیں۔
پاکستان کے خلاف سیمی فائنل کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے میتھیو ویڈ اور مارکس اسٹوس نے بیئر پینے کے لیے مختلف انداز اپنایا اور اپنے جوتے کو ہی گلاس بناکر اس میں مشروب ڈال کر پی گئے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میتھیو ویڈ اپنا جوتا اتاکر اس میں مشروب ڈال کر پی لیتے ہیں اور پھر مارکس اسٹونس وہی جوتا اٹھاکر اس میں مشروب ڈال کر پیتے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑی شور مچاکر ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی یہ ویڈیو وائرل ہوگئی ہے کہ صارفین کی جانب سے اس عمل کر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔