ناظم جوکھیو کی والدہ اور زوجہ کا انصاف کیلیے لڑنے کا اعلان

ساجد جوکھیو اور جام عبدالکریم کو بھی گرفتار کیا جائے، ہمیں جان کا خطرہ ہے، اہلیہ

ساجد جوکھیو اور جام عبدالکریم کو بھی گرفتار کیا جائے، ہمیں جان کا خطرہ ہے، اہلیہ - فوٹو:فائل

کراچی کے میمن گوٹھ میں قتل کیے جانے والے ناظم جوکھیو کے بھائی کی جانب سے عدالت میں دیے گئے بیان کے بعد مقتول کی اہلیہ اور والدہ کا ویڈیو بیان سامنے آیا ہے۔

ویڈیو بیان میں مقتول ناظم جوکھیو کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ میں اور مقتول کی والدہ ہر صورت انصاف کے لیے لڑیں گے چاہے ہمیں یا ہمارے بچوں کو ماردیں، پتہ نہیں مقتول کے بھائی افضل کو پیسوں کا لالچ دیا گیا یا پھر قتل کی دھمکی دی گئی، معلوم نہیں افضل کو ایسی کیا دھمکیاں دی گئی جو وہ خوف میں مبتلا ہوگیا ہے۔


یہ خبر بھی پڑھیں: مقتول کے بھائی نے ملزم جام عبدالکریم کو کلین چٹ دے دی

ناظم جوکھیو کی اہلیہ نے کہا کہ کیس میں ساجد جوکھیو اور جام عبدالکریم کو بھی گرفتار کیا جائے، ہمیں جان کا خطرہ ہے، ووٹ لینے کے لیے تو دروازوں پر وڈیروں کے ساتھ آتے ہو، ہمارا فیصلہ کراؤ اور ہمیں انصاف دلواؤ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سے کہتی ہوں کہ تم کہاں ہو، اپنی والدہ کو تو انصاف نہیں دلوا سکے ہم غریبوں کو تو انصاف دلواؤ۔

مقتول کی والدہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قتل میں ملوث دونوں سرداروں اور ان کے ساتھیوں کو پھانسی دی جائے، میں یا ناظم کی بیوی مر جائیں گے لیکن کسی صورت میں معاف کریں گے اور نہ ہی کچھ لکھ کر دیں گے، میرے چھوٹے بیٹے کو سرداروں نے کمرے میں بند کرکے قتل کی دھمکی کے ذریعے بیان لکھوایا ہے۔
Load Next Story