طالبان تحفظات بالائے طاق رکھ کر مذاکرات کریں منور حسن

مثبت حکومتی رویے سے امید پیدا ہوئی ہے، دونوں کمیٹیاں صبروتحمل کا مظاہرہ کریں، منور حسن

مذاکرات کا اعلان ہونے کے بعد سیکولر و امریکی لابی ہکا بکا رہ گئی ہے، امیر جماعت اسلامی۔ فوٹو: فائل

امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ قوم مذاکرات کی کامیابی چاہتی ہے، ملک کو دہشت گردی سے بچانے اور قیام امن کیلیے مذاکرات کی کامیابی ضروری ہے۔

اب تک کے مثبت حکومتی رویے سے بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے، طالبان بھی خدشات اور تحفظات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کھلے دل سے مذاکرات کریں، دونوں اطراف کی کمیٹیوں کو غیرمعمولی صبر اور برداشت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔




جمعرات کو منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ جب سے وزیراعظم نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے کا اعلان کیا ہے سیکولر وامریکی لابی ہکا بکا رہ گئی ہے، ان کی زبانیں گنگ ہوگئی ہیں اور پریشانی میں انھیں کچھ سجھائی نہیں دے رہا۔ جو لوگ امریکی ایما پر ملک میں افراتفری اور انتشار پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کررہے تھے، ان کے چہروں پر اوس پڑگئی اور انھیں اپنی سازشیں ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔ منور حسن نے کہا کہ ملک و قوم کی بھلائی اسی میں ہے کہ حکومت امریکی دبائو کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے مذاکرات کو ہرصورت نتیجہ خیز بنانے کی کوشش کرے۔
Load Next Story