آمدنی کتنی ہے اور شادی کب کر رہے ہیں بابر اعظم نے بتادیا

مداحوں نے بابر اعظم کے آئیڈیل اور پسندیدہ بلے سے متعلق بھی سوالات پوچھے

بابر اعظم نے اپنا آئیڈیل اے بی ڈی ویلیئر کو قرار دیا، فوٹو: پی سی بی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے مداحوں کی جانب سے گوگل پر سب سے زیادہ پوچھے گئے سوالوں کے دلچسپ جوابات دیکر مداحوں کو محظوظ کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں وہ گوگل پر سرچ کیے گئے سب سے زیادہ سوالات کے جوابات دے رہے ہیں۔

پہلے سوال کے جواب میں بابر اعظم نے بتایا کہ میں لاہور میں رہتا ہوں جو اپنے مزیدار کھانوں کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہے۔ دوسرے سوال کے جواب میں قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ میں گرے نکل بیٹ استعمال کرتا ہوں۔

مایہ ناز بلے باز نے مزید بتایا کہ عمومی طور پر اپنے ساتھ 6-7 بیٹ لیکر جاتا ہوں۔ بیٹ کا وزن 2.8 سے 2.9 پاؤنڈ کے درمیان ہوتا ہے اور جس ملک میں میچ کھیلا جا رہا ہے اس کی کنڈیشن کے اعتبار سے بیٹ استعمال کرتا ہوں۔




تیسرا سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والا سوال ان کی آمدنی سے متعلق تھا جس سے کپتان بابر اعظم نے بڑی ہوشیاری سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو میں بتاؤں گا نہیں البتہ یہ آپ کی سوچ سے کم ہے۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں بابر اعظم نے پنجابی لہجے میں جواب دیا کہ ''اے تو مینوں بی نئیں پتہ'' یہ گھر والوں کو معلوم ہے اور ابھی فی الحال میری ساری توجہ کرکٹ پر ہے اور کرکٹ ہی انجوائے کرنے دیں۔

آخری سوال تھا کہ بابر اعظم کا آئیڈیل کون ہے جس کے جواب میں انھوں نے جنوبی افریقہ کے کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئر کو اپنا آئیڈیل قرار دیتے ہوئے کہا کہ شروع سے اے بی ڈی ویلیئر کو پسند کرتا آیا ہوں اور ان کے انداز کو کاپی بھی کیا ہے۔
Load Next Story