پاکستانی نژاد آل راؤنڈر معین علی انگلش کرکٹ ٹیم میں شامل

انگلش سلیکٹرز نے تجریہ کار بیٹسمین کیون پیٹرسن کی جگہ 26 سالہ آل راؤنڈر معین علی کو ٹیم میں شامل کیا

معین علی دورہ ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش میں مارچ سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ فوٹو: فائل

انگلینڈ نے دورہ ویسٹ انڈیز اور بنگلا دیش میں مارچ سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے پاکستان نژاد معین علی کو ٹیم میں شامل کرلیا۔



انگلش سلیکٹرز نے تجریہ کار بیٹسمین کیون پیٹرسن کی جگہ ورسٹر شائر کے لئے کھیلنے والے 26 سالہ آل راؤنڈر معین علی کو ٹیم میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ لنکاشائر کی جانب سے کھیلنے والے اسٹیون پیری کو بھی دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے منتخب کیا ہے۔ برمنگھم میں پیدا ہونے والے معین علی مڈل آرڈر بیٹسمین اور آف اسپن باؤلر ہیں، گزشتہ سیزن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انہیں پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے 'پلیئر آف دی ایئر' کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔


واضح رہے کہ ایشز سیریز میں 0-5 کی بدترین شکست کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نئی ٹیم بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے، آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرتناک ناکامی پر سیریز میں شریک 7 کھلاڑیوں کو دورہ ویسٹ انڈیز اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا جن میں ایئن بیل، گیری بیلنس، مائیکل کاربری، کرس ووکس، بوائڈ رینکن، اسٹیون فن اور ڈینی برِگز شامل ہیں۔

Load Next Story