کراچی سستا بتا کر جعلی امریکی ڈالرز کی فروخت کا انکشاف

فہد عراق میں کام کرتا اور چھٹیوں پر کراچی آیا تھا، ہیئر سلون والے نے سستے ڈالر کی پیشکش کی۔

انور نے 50، 50 ڈالرکے اصل نوٹ دیے، 50 لاکھ روپے کے عوض 30 ہزار ڈالر کی ڈیل طے ہو گئی (فوٹو : فائل)

شہر قائد میں سستا امریکی ڈالر بتا کرجعلی ڈالرزکی فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔

سستا ڈالر خریدنے کی خواہش عراق سے آنے والے محنت کش کوکنگال کرگئی،گلشن حدید فیز1 کے رہائشی فہد اسلام نے بتایا کہ وہ عراق میں کام کرتا ہے اور ان دنوں چھٹیوں پر کراچی آیا ہوا ہے۔

17 نومبر کو گلشن حدید میں ہیئر سلون کے پاس بال کٹوانے گیا تو سلون پرکام کرنے والے رجب علی اس نے اسے سستے امریکی ڈالرز آفر دی کہا کہ اس کے دوست کے پاس سستے ڈالرز موجود ہیں اور انھیں پاکستانی کرنسی کی اشد ضرورت ہے اورآپ کوبھی امریکی ڈالر کی ضرورت ہو گی۔

دوسرے روزرجب علی نے انورچانڈیو نامی شخص سے ملاقات کرائی اورانورچانڈیو نے بتایا کہ اس کے کچھ دوستوں کے پاس امریکی ڈالرز موجود ہیں اور وہ مارکیٹ سے کم ریٹ میں ڈالرزتبدیل کراکردیتا ہے، اس میں اس کا بھی فائدہ ہو گا اورآپ کا بھی فائدہ ہو گا۔

19 نومبر کو انورچانڈیوں نے50پچاس ڈالرکے اصل نوٹ نوٹ دیے جس کے بعد پاکستانی 50لاکھ روپے کے عوض30ہزار امریکی ڈالر دینے کی ڈیل طے ہو گئی اور فہداسلام کوڈیل میں2لاکھ 80 ہزارمنافع کا بتایا گیا۔


21 نومبرشب انور چانڈیواپنے ڈرائیور،برقعہ پوش خاتون اورنامعلوم شخص کے ساتھ جمعہ بازارگرائونڈ کے قریب پہنچا اور تھوڑی دیر میں وہ رجب علی کے ہمراہ وہاں پہنچ گیا اور ڈیل کے مطابق اس نے انور چانڈیوکو50 لاکھ پاکستانی روپے دے دیے جس پر انور چانڈیو نے 50 پچاس ڈالرزکے نوٹ کے3پیکٹ فہد اسلام کو تھما دیے۔

شہری فہد اسلام نے انورچانڈیو کو کہا کہ ہماری 30 ہزارامریکی ڈالر کی ڈیل طے ہوئی تھی اوراسے 15 ہزار ڈالرز دیے گئے ہیں جس پر شہری فہداسلام اور انور چانڈیو کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، فہد اسلام کو دھکادیاگیا اور اسلحہ تان کر جان سے مارنے کی دھکمی دی گئی جس پر شہری فہد اسلام پریشان ہو گا اور اسی دوران پولیس موبائل کو آتے دیکھ کر شور مچا دیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر رجب علی اورانور چانڈیو کے ساتھی محبوب علی کو گرفتار کرلیا جبکہ انور چانڈیو ، نامعلوم خاتون اور اس کا ڈرائیور رقم لیکر موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس نے جب شہری فہد اسلام کو دیے گئے امریکی ڈالر کے پیکٹ چیک کیے تو تمام ڈالرزجعلی نکلے اور گتنی کرنے معلوم ہوا کہ دو پیکٹ سے دودو نوٹ اور ایک پیکٹ سے3نوٹ کم تھے، مجموعی جعلی امریکی ڈالرز کی تعداد 293 تھی، پولیس نے رجب علی کی نشاندہی پراس کی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی۔

بعدازاں پولیس نے شہری فہد اسلام کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ گرفتار ملزمان رجب علی ، محبوب علی اور مفرور ملزمان انور چانڈیو، ڈرائیور اور برقعہ پوش نامعلوم خاتون کے خلاف درج کر کے مقدمے کی تفتیش شروع کر دی۔
Load Next Story