کچرا کنڈی سے جھلسی ہوئی حالت میں ملنے والا نوزائیدہ بچہ اسپتال منتقل

ممکن ہے بچہ ’’ایتھو سائسز‘‘ نامی بیماری میں مبتلا ہوسکتا ہے جس میں کھال کے جلے ہونے کا گمان ہوتا ہے، ڈاکٹر

بچے کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور اس کی جان بچانے کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں، ڈاکٹر

گلشن حدید میں کچرا کنڈی سے نوزائیدہ بچہ جھلسی ہوئی حالت میں ملا ہے جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

گلشن حدید کے علاقے میں قائم عائشہ اسپتال کے قریب کچرا کنڈی سے نوزائیدہ بچہ ملا جوکہ جھلسی ہوئی حالت میں تھا اور گمان تھا کہ کسی نے نوزائیدہ کو جلانے کے بعد کچرا کنڈی میں پھینک دیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچ گئے، بچے کو فوری طور پر قومی ادارہ برائے امراض اطفال ( این آئی سی ایچ ) لے جایا گیا۔


ڈاکٹروں نے مکمل معائنے کے بعد بتایا کہ ہوسکتا ہے کہ بچہ جھلس گیا ہو لیکن بچے کی جو حالت ہے وہ ایک بہت ہی شاذو ناذر ہونے والی '' ایتھو سائسز '' نامی بیماری ہے جوکہ بچوں میں بہت ہی کم ہوتی ہے، یہ ایک پیدائشی بیماری ہوتی ہے، اس میں انسانی کھال اس طرح سے خراب ہوجاتی ہے جس سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ شاید کسی نے جلایا ہو اور کھال جھلسی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔

بچے کا معائنہ کرنے والی ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ پھر بھی ہمیں شبہ ہے کہ شاید بچے کو کسی نے جلانے کی کوشش کی ہو، کھال اس طرح کی ہوگئی ہے کہ اس میں نسیں ملنا بہت مشکل ہوجاتا ہے جس کے باعث علاج میں کافی مشکلات کا سامنا رہتا ہے، بچے کی حالت انتہائی تشویشناک ہے اور اس کی جان بچانے کی بھرپور کوششیں کی جارہی ہیں۔
Load Next Story