شاہ زیب قتل کیس سندھ ہائی کورٹ کا شاہ رخ جتوئی کے والد کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

شاہ رخ جتوئی کے بیرون ملک جانے کے بعد فرار میں مدد کے الزام میں سکندر جتوئی کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا

دسمبر 2012 میں شاہ زیب کے قتل کی ایف آئی آر میں سنکدرجتوئی کا نام بھی ملزم کے طور پر شامل کیا گیا تھا. فوٹو؛ایکسپریس نیوز

KARACHI:
سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کے والد سکندر جتوئی کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق سکندر جتوئی نے اپنے وکلا کے توسط سے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سکندر جتوئی کا اس قتل کیس سے براہ راست کوئی واسطہ نہیں لہذا ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔ سندھ ہائی کورٹ کے ڈویژنل بنچ نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد درخواست منظور کرتے ہوئے سکندر جتوئی کا نام ایی سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ دسمبر 2012 میں شاہ زیب کے قتل کی ایف آئی آر میں سکندر جتوئی کا نام بھی ملزم کے طور پر شامل کیا گیا تھا تاہم شاہ رخ جتوئی کے بیرون ملک جانے کے بعد فرار میں مدد کے الزام میں سکندر جتوئی کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا گیا تھا۔
Load Next Story