ٹارگٹڈ آپریشن میں 124 ملزم گرفتار ہتھیار اور گولیاں برآمد

گہرام بگٹی گوٹھ سے گرفتارملزمان سے ریلوے ٹریک بم دھماکے کی معلومات ملی،رینجرز

پولیس مقابلے کے دوران 100 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ، منشیات اور دیگر سامان برآمد کرلیا ۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

رینجرز سندھ اور کراچی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 124 ملزمان کو گرفتار کر کے مختلف اقسام کے ہتھیار اور گولیاں برآمد کرلیں ، رینجرز سندھ کے ترجمان میجر سبطین کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ رینجرز کو خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر لانڈھی کے علاقے گہرام بگٹی گوٹھ کا محاصرہ کر کے 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان سے دوران تفتیش چند روز قبل گھگھر پھاٹک کے قریب شالیمار ایکسپریس کو نشانہ بنانے کیلیے ریلوے ٹریک کو بم سے اڑانے کے حوالے سے اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں جس پر تحقیقات کا دائرہ مزید بڑھا دیا گیا جبکہ رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں حسن نعمان کالونی ، خیبر چوک ، سندھی ہوٹل ، چکرا گوٹھ ، کورنگی ، کھوکھرا پار ، چاکیواڑہ ، کلری بغدادی اور پٹیل پاڑہ میں ٹارگٹڈ آپریشن جبکہ ناتھا خان گوٹھ اور کھارادر میں اسنیپ چیکنگ کے دوران 9 ملزمان کو گرفتار کر کے ایس ایم جیز سمیت مختلف اقسام کے 45 ہتھیار اور گولیاں برآمد کرلیں۔




ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹیل پاڑہ میں آپریشن کے دوران گرفتار کیے جانے والوں میں 2 غیر ملکی اور کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل بتائے جاتے ہیں،دریں اثنا کراچی پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 78 چھاپہ مار کارروائیوں ، ایک پولیس مقابلے کے دوران 100 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ ، منشیات اور دیگر سامان برآمد کرلیا ۔
Load Next Story