ویسٹ انڈیز سے سیریز پاکستانی اسکواڈ کا اعلان آج متوقع

سرفرازاحمد کیلیے جگہ محفوظ رکھنا دشوار، حسن علی کوآرام دیا جائے گا۔

شعیب ملک اورحفیظ شامل نہیں ہوں گے، عماد کاانتخاب یقینی نہیں لگتا ۔ فوٹو : فائل

BERLIN:
ویسٹ انڈیزسے ہوم سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ اسکواڈ کا اعلان بدھ کو متوقع ہے۔

ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم رواں ماہ کراچی میں گرین شرٹس سے3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور اتنے ہی ون ڈے میچز کھیلے گی، سیریز کے لیے ممکنہ طور پر قومی اسکواڈ کا اعلان بدھ کو کیا جائے گا۔


کافی عرصے سے ٹیم کے ساتھ موجود مگر زیادہ تر وقت باہر ہی بیٹھے رہنے والے وکٹ کیپر سرفراز احمد کا انتخاب مشکل لگنے لگا ہے، محمد رضوان کو ریسٹ دے کر انھیں بنگلادیش سے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں موقع دیا گیا تھا جس میں وہ بڑی اننگز نہیں کھیل پائے تھے، پی سی بی کے سربراہ رمیز راجہ اور سلیکٹرز سمجھتے ہیں کہ اب کسی نوجوان کو ٹیم کے ساتھ رکھ کر گروم کرنا چاہیے۔

شعیب ملک پہلے ہی سیریز کیلیے عدم دستیابی ظاہر کر چکے جبکہ محمد حفیظ نے سلیکٹرز سے کہا تھا کہ اگر وہ انھیں یہ سیریز نہیں کھلانا چاہتے تو کسی نئے کھلاڑی کو موقع دیں، حسن علی نے بھی ازخود آرام کی خواہش ظاہر کر دی تھی، عماد وسیم کا انتخاب بھی یقینی نہیں لگتا، فاسٹ بولر محمد حسنین کا آسٹریلوی بگ بیش لیگ کیلیے معاہدہ ہو گیا تھا مگر انھیں ہوم سیریز کیلیے منتخب کیے جانے کا امکان ہے لہذا وہ نہیں جا سکیں گے۔

اسی طرح کپتان بابر اعظم اور پیسر شاہین شاہ آفریدی سے بھی لیگ کیلیے رابطہ ہوا مگر بورڈ مضبوط ترین اسکواڈ میدان میں اتارنا چاہتا ہے تاکہ سیریز کی قدر وقیمت کم نہ ہو، دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے کئی اسٹار کھلاڑی پاکستان نہیں آ رہے ہیں۔
Load Next Story