لاہور میں وسیم اکرم کا تیز رفتاری پر چالان

وسیم اکرم 78 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہے تھے جو قانونی طور پر جرم ہے۔

وسیم اکرم نے چالان کی رسید خندہ پیشانی سے وصول کی اور شائستگی سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہو گئے۔ فوٹو؛ فائل

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کا لاہور میں تیز رفتاری کے باعث چالان ہو گیا۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب یونی ورسٹی نیو کیمپس کے قریب شاہ دی کھوئی سے ایک گاڑی انتہائی تیز رفتاری سے گزری، ٹریفک وارڈنز نے اس گاڑی تو روکا تو اس میں سابق کپتان وسیم اکرم موجود تھے، ٹریفک وارڈنز نے انہیں ویڈیو کے ذریعے ان کی گاڑی کی اسپیڈ بتائی جو کہ 78 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی جبکہ ٹریفک قوانین کے مطابق 60 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ اسپیڈ سے گاڑی چلانا قانونی طور پر جرم ہے جس پر ٹریفک وارڈنز نے ان کا 500 کا چالان کر دیا۔ وسیم اکرم نے چالان کی رسید خندہ پیشانی سے وصول کی اور شائستگی سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہو گئے۔


واضح رہے کہ چند روز قبل قومی ٹیم کے نوجوان کرکٹر عمر اکمل کو بھی لاہور میں تیز رفتاری کے باعث روکا گیا تھا تاہم انہوں نے ٹریفک وارڈن سے بدتمیزی کی جس پر انہیں ایک روز جیل بھی کاٹنا پڑی تھی۔

Load Next Story