کترینہ کیف اور وکی کوشل کے خلاف شکایت درج

راجستھان میں مقیم ایک وکیل نے کترینہ، وکی اور ہوٹل انتظامیہ کے خلاف شکایت درج کروائی ہے

ہوٹل انتظامیہ نے شادی کی وجہ سے 6 سے 12 دسمبر تک مندر کی طرف جانے والی سڑک کو بند کردیا ہے فوٹوفائل

ISLAMABAD:
بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف اور ان کے ہونے والے شوہر وکی کوشل کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے۔

بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف اور وکی کوشل کی بھارتی ریاست راجستھان کے شہر سوائی مادھوپور کے سکس سینسز باروارہ ہوٹل میں شادی کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ تاہم راجستھان میں مقیم ایک وکیل نے کترینہ، وکی اور ہوٹل انتظامیہ کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔

یہ شکایت راجستھان کے وکیل نیترا بند سنگھ جدون نے درج کروائی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ہوٹل انتظامیہ نے کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی وجہ سے مندر جانے والا راستہ بند کردیا۔


دراصل جس ہوٹل میں وکی، کترینہ کی شادی ہونے والی ہے وہ مندر جانے والے راستے میں آتا ہے اور ہوٹل انتظامیہ نے شادی کی وجہ سے 6 سے 12 دسمبر تک مندر کی طرف جانے والی سڑک کو بند کردیا ہے۔

اپنی شکایت میں وکیل نے کہا ہے کہ یہ تاریخی مندر ہے جس میں روزانہ کئی عقیدت مند عبادت کرنے آتے ہیں۔ ہوٹل انتظامیہ نے مندر جانے والا مرکزی راستہ ہی بند کردیا جس کی وجہ سے لوگوں کو مندر جانے میں پریشانی ہورہی ہے۔

عقیدت مندوں کو درپیش مسائل کو دیکھتے ہوئے وکیل نیترا بند سنگھ جدون نے سوائی مادھوپور ڈسٹرکٹ لیگل سروس اتھارٹی میں شکایت درج کروائی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ عوامی جذبات کے پیش نظر سڑک کو کھولا جائے۔

واضح رہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی سوائی مادھور پور کے سکس سینسز فورٹ باروارہ میں 9 دسمبر کو ہوگی۔ دونوں کی شادی میں کرن جوہر، فرحان اختر، علی عباس ظفر، کبیر خان، منی ماتھور اور روہت شیٹھی سمیت شوبز کی متعدد شخصیات شرکت کریں گی۔
Load Next Story