وزیراعظم نے کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کا افتتاح کردیا

گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم 35.5 ارب روپے کی خطیر رقم سے مکمل ہوا

دو ہفتے ٹرائل آپریشن کے بعد 25 دسمبر کو کمرشل آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔

ISLAMABAD:
وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے پہلے جدید ٹرانسپورٹ نظام گرین لائن منصوبے کا افتتاح کردیا۔

انہوں نے اس موقع پر منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی کی۔ یہ منصوبہ وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے عوام خصوصا اہلیان کراچی کے لیے ایک تحفہ ہے.



ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم 35.5 ارب روپے کی خطیر رقم سے مکمل ہوا، یہ منصوبہ کراچی کے مغربی اور وسطی اضلاع کے 135,000 مسافروں کو سہولت فراہم کرے گا، اس میں 80 بسیں، 21 اسٹیشنز، ٹکٹنگ رومز، برقی زینے اور سیڑھیاں شامل ہیں۔ افتتاح کے بعد تقریباً دو ہفتے ٹرائل آپریشن ہوگا جس کے بعد 25 دسمبر کو کمرشل آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔

گرین لائن بس سروس میں مرد، خواتین اور بزرگوں کے لیے الگ دروازے مختص ہیں۔بس کے دونوں اطراف میں دروازے نصب ہیں پہلا دروازہ خواتین کے لیے ، دوسرا فیملی اور تیسرا مردوں اور لڑکوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ ہر بس میں معذور افراد کے لیے بورڈنگ برج اور بیٹھنے کا خصوصی انتظام ہے۔


بس سروس سرجانی سے میونسپل پارک تک 22 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ہر بس میں معلومات اور تشہیر کے لیے ڈیجیٹل اسکرینز، سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں جبکہ بس سٹیشن پر موجود سہولیات میں ایسکیلیٹرز،لفٹ سروس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مسافروں کی سہولت کے لیے ٹکٹ وینڈنگ مشینز بھی نصب کی گئی ہیں ،بس میں سیل فون چارجنگ پورٹ کی سہولت بھی موجود ہے ۔

اس منصوبے کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی خصوصی دلچسپی پر وفاقی وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات نے سندھ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کے ذریعے تعمیر کروایا ہے۔

گرین بسیں لاہور، راولپنڈی اور پشاور کی بسوں سے زیادہ جدید؛

کراچی گرین لائن منصوبے کے لیے بسیں فراہم کرنے والی کمپنی کے مطابق کراچی کی بسیں لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں چلنے والی بسوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ جدید ہیں، یہ بسیں یورو تھری معیار کی اور ہائبرڈ ہیں ، ان میں ڈیزل کے ساتھ خودکار طریقے سے چارج ہونے والی بیٹری بھی استعمال ہوگی جس سے ایندھن کی بچت کے ساتھ ماحول کو بھی فائدہ ہوگا۔ بسوں میں خصوصی سسٹم نصب ہے جو انجن میں آگ لگنے کی صورت میں خودکار طریقے سے آگ بجھائے گا۔

18 میٹر لمبی بسوں میں 40 نشستیں ہیں۔ کھڑے ہوکر اور نشستوں پر بیک وقت 150 افراد سفر کرسکیں گے، زیادہ رش کی صورت میں 190 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔

 
Load Next Story