2021ٹیسٹ کرکٹ بحالی وقارکا پاکستانی سفر جاری رہا

نیوزی لینڈ میں شکست سے سال کا آغاز، پھرصرف ویسٹ انڈیز سے مات ہوئی۔

9 میچز میں 7فتوحات،عابد نمبر ون بیٹر، بولرز میں شاہین آفریدی سرفہرست۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD:
2021 میں پاکستان کا ٹیسٹ کرکٹ میں وقار کی بحالی کا سفر جاری رہا،دورئہ نیوزی لینڈ میں شکست سے سال کا آغاز کرنے کے بعد صرف ویسٹ انڈیز سے مات ہوئی، مجموعی طور پر 9 میچز میں 7فتوحات حاصل کیں۔

رواں سال شروع ہونے سے قبل ہی پاکستان دورئہ نیوزی لینڈ میں دسمبر میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ101رنز سے ہارچکا تھا، دوسرے میں میزبان کپتان کین ولیمسن کی ڈبل سنچری نے مقابلہ یکطرفہ بنا دیا، اننگز اور 176سے شکست ہوئی، طویل عرصے بعد جنوبی افریقی ٹیم آئی تو گرین کیپس نے پہلے ٹیسٹ میں فتح پائی، فواد عالم کی سنچری اور اسپنرز کی کارکردگی کام آگئی۔

ٹیم نے دوسرے میچ میں فتح کے ساتھ کلین سوئپ مکمل کیا،حسن علی کی میچ میں 10وکٹوں اور محمد رضوان کی تھری فیگر اننگز، بابر اعظم اور فہیم اشرف کی ففٹیز کا اہم کردار رہا،ہرارے میں پہلے ٹیسٹ میں فواد عالم کی سنچری، دوسرے میں عابد علی کی ڈبل سنچری یاد گار رہی، پیسرز اور اسپنرز کی عمدہ بولنگ نے بھی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔


پاکستان نے پہلا میچ اننگز اور 116، دوسرا اننگز اور 147رنز سے جیتا، دورئہ ویسٹ انڈیز کے پہلے ٹیسٹ میں ایک وکٹ سے شکست ہوئی، شاہین آفریدی کی8وکٹیں کسی کام نہ آئیں، دوسرے لواسکورننگ میچ میں فواد عالم کی سنچری نے پاکستان کو حوصلہ دیا، شاہین کی میچ میں 10وکٹوں کی بدولت مہمان ٹیم نے 109رنز سے فتح پائی۔

رواں ماہ دورہ بنگلادیش میں پاکستان نے اوپنرز عابد علی اور عبداللہ شفیق کی عمدہ کارکردگی، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت 8وکٹ سے فتح پائی،دوسرے بارش زدہ میچ میں اننگز اور 8رنز کی فتح میں ساجد خان کی 12وکٹوں،بابر اعظم، اظہر علی، فواد عالم اور محمد رضوان کی ففٹیز کا کردار رہا۔

یوں سال بھر میں پاکستان نے 9میچز کھیلے اور7میں فتح پائی،جنوبی افریقہ، زمبابوے اور بنگلادیش کو کلین سوئپ کیا،بیٹرز میں عابد علی 695رنز کے ساتھ سرفہرست رہے،سب سے کامیاب بولر شاہین شاہ آفریدی نے 47شکار کیے۔

 
Load Next Story