امریکی سینیٹرز کے وفد کی آرمی چیف سے ملاقات ہر سطح پر سفارتی تعاون بڑھانے کا عہد

افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے عالمی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، آرمی چیف

افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے عالمی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، آرمی چیف - فوٹو:آئی ایس پی آر

CHENNAI:
امریکی سینیٹرز کے ایک وفد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سینیٹر اینگس کنگ کی سربراہی میں امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز اور انٹیلی جنس کمیٹیوں کے ارکان نے آرمی چیف سے ملاقات کی۔ وفد میں سینیٹر رچرڈ بر، سینیٹر جان کارنن اور سینیٹر بین ساسے بھی شامل تھے۔ مہمانوں نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا۔


ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان تمام علاقائی ممالک کے ساتھ باہمی، پرامن کثیرالجہتی اور دیرپا تعلقات چاہتا ہے، افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کے لیے عالمی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط عالمی تعاون درکار ہے۔

آرمی چیف نے آنے والے چیلنجز کے پیش نظر جیو پولیٹیکل اور سیکیورٹی صورتحال کے بارے میں باہمی افہام و تفہیم کے لیے سینیٹرز کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
Load Next Story