شکرقندی کی آڑ میں ایک کروڑ روپے کی اشیا کی اسمگلنگ ناکام

ملزم گرفتار، اشیا میں کپڑا، بھارتی اوریجن حقہ، چوہے مار ادویات، فائر کریکر، چیونگ ٹوبیکو اور ادویات شامل

اسمگلنگ میں ملوث شخص گاڑی میں شکر قندی لوڈ ہونا ظاہر کرکے بغیر ڈیوٹی و ٹیکسوں کے اشیاء اسمگل کرنا چاہتا تھا، کسٹمز (فوٹو : نیوز ایجنسی/فائل)

WASHINGTON:
کسٹمز نے طور خم کے راستے شکر قندی کی آڑ میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا کپڑا، بھارتی اوریجن حقہ، چوہے مار ادویات، فائر کریکر، چیونگ ٹوبیکو اور ادویات کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق افغانستان سے طورخم بارڈر کے راستے پاکستان داخل ہونے والی گاڑی کے اے بی 465 میں ظاہری طور پر شکر قندی لوڈ تھی لیکن اسکینر کے دوران مشکوک اشیاء پائی گئیں جس پر گاڑی کی مکمل چیکنگ کی گئی تو مختلف اشیا برآمد ہوئیں جن میں کپڑا، بھارتی اوریجن حقہ، چوہے مار ادویات، فائر کریکر، چیونگ ٹوبیکو اور ادویات سمیت دیگر شامل ہیں۔


ابتدائی تخمینہ کے مطابق گاڑی سے برآمد شدہ اشیاء کی مالیت ایک کروڑ پانچ لاکھ روپے سے زائد ہے جن پر ڈیوٹی اور ٹیکسوں کی مد میں مجموعی طور پر 78 لاکھ روپے سے زائد کے واجبات بنتے ہیں مگر اسمگلنگ میں ملوث شخص گاڑی میں شکر قندی لوڈ ہونا ظاہر کرکے بغیر ڈیوٹی و ٹیکسوں کے اشیاء اسمگل کرنا چاہتا تھا۔

ایف بی آر کے ماتحت ادارے پاکستان کسٹمز نے گاڑی ضبط کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جس کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
Load Next Story